ترکی میں حالیہ ہونے والے آئی سی گلوبل سنگنگ مقابلوں میں پاکستان کے نوجوان گلوکار جبران راحیل نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
جبران نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس مقابلے میں پاکستان سے 4500 افراد نے آڈیشن دیا جب کہ مقابلے میں دنیا بھر سے 36 گلوکار پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور ان میں جبران راحیل بھی تھے۔
جبران نے بتایا کہ یہ مقابلہ بہت سخت تھا کیونکہ اس میں گانے والے سبھی گلوکار بہت اچھا گاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کے چار راؤنڈ تھے اور فائنل راؤنڈ تک ان سمیت مختلف ممالک کے آٹھ گلوکار ہی پہنچ سکے۔
اس مقابلے میں شرکت کرنے والے گلوکاروں کا تعلق ترکی، بوسنیا، شام، ایراق، ایران، کوسوو، کینیڈا، انڈونیشیا اور دیگر سے تھا۔
جبران نے بتایا کہ اس مقابلے کو جانچنے کے لیے پانچ ججز تھے جن میں پاکستان کے معروف گلوکار نجم شیراز، ان کی اہلیہ سلویٰ نجم، حمودالخردر، میسوت کرتس، الیاس ماؤ شامل تھے۔ اس میں عربی زبان، ترکی زبان، انگریزی اردو گانے جج ہورہے تھے۔
جبران نے مزید بتایا ’جب میں دس سال کا تھا تو میری فیملی کو معلوم ہوگیا تھاکہ میں گانا گا سکتا ہوں تو اس طرح یہ سب شروع ہوا۔ میں فیملی کی تقریبات میں شرما شرما کر گایا کرتا تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ انہیں اس اس مقابلے کا نجم شیراز کے ذریعے معلوم ہوا تھا۔ ’وہ پاکستان کا بہت جانا مانا نام ہیں۔ ان کی پروفائل پر دیکھا تھا کہ آئی سی سٹار مقابلے ہو رہے ہیں۔ میں نے وہاں لاگ ان کر کے اپنا آڈیشن اپ لوڈ کیا۔ اور وہاں پاکستان سے تقریباً 4500 آڈیشن گئے تھے۔‘
جبران کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی گلوکاری کو جاری رکھیں گے اور ایسا میوزک کریں گے جو نہ صرف اچھا ہو بلکہ بامعانی اور با مقصد بھی ہو۔