شاہی جوڑے کی پاکستان آمد کے چرچے

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن رواں برس موسم خزاں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن   کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا (بشکریہ پریس ایسوسی ایشن)

برطانوی شاہی محل نے اعلان کیا ہے کہ شہزادہ ولیم اور ان کی  اہلیہ کیٹ مڈلٹن رواں برس موسم خزاں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

شاہی محل کنگسٹن پیلس کے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئیٹ کے مطابق: ’ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم اور ڈچس آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن دفتر خارجہ اور دولت مشترکہ کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔‘

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن پہلی مرتبہ پاکستان آرہے ہیں جبکہ 2006 کے بعد سے برطانیہ کے شاہی خاندان کے افراد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔ 2006 میں شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

اس سے قبل برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نے 1961 اور 1997 میں جبکہ آنجہانی شہزادی ڈیانا نے 1996 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ شہزادی ڈیانا 1997 میں پیرس کے قریب ایک کار حادثے میں ہلاک ہوگئی تھیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

ان کا کہنا تھا: ’شاہی جوڑے کے اس دورے سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ، پاکستان کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں۔‘

نفیس ذکریا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو 1961 اور 1997 میں ملکہ الزبتھ دوم کا دورہ پاکستان اب تک یاد ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے چرچے ہیں اور لوگ اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

مومنہ سرور نامی ایک صارف نے شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔

دیگر صارفین نے بھی شاہی جوڑے کی آمد پر اپنے خیالات بیان کیے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ