سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں جمعے کو میزبان ملک کی ٹیم نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے لیکن اس کے بعد پوری ٹیم 169 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔
سری لنکا نے 29 رنز کا مطلوبہ ہدف محض تین اوورز میں پورا کر لیا جس میں اوشیڈا فرنینڈو کے صرف نو بالوں میں 21 رنز بھی شامل تھے۔ کپتان دموتھ کارونارتنے سات رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کے فاسٹ بالر استھا فرنینڈو اس میچ کے کامیاب ترین گیند باز رہے جنہوں نے پہلی اننگز میں 93 رنز کے عوض چار اور دوسری اننگز میں 51 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے دس وکٹیں اپنے نام کیں۔
شکیب الحسن کے 58 رنز اور لٹن داس کے 52 رنز کی بدولت بنگلہ دیش اننگز کی شکست کی ہزیمت سے بچ گیا۔
ڈھاکہ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری دن جب بنگلہ دیش نے دوسری اننگز 34 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو مشفق الرحیم 23 رنز بنا کر کاسن راجتھا کے ہاتھ آؤٹ ہو گئے۔
پہلی اننگز میں 96 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے آل راؤنڈر شکیب نے بیٹنگ میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور کریز پر جمے رہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب لٹن داس نے، جو پہلی اننگز میں اپنا بیسٹ سکور 141 رنز بنا چکے تھے، مورچہ سنبھال رکھا تھا لیکن ان کی یہ مزاحمت اس وقت دم توڑ گئی جب پریوین جیاوکراما نے ان کو آؤٹ کر دیا۔ داس نے 33ویں ٹیسٹ میں دو ہزار رنز بھی مکمل کیے۔
شکیب نے 62 گیندوں پر اپنی 27ویں نصف سنچری سکور کی لیکن لٹن داس کے آؤٹ ہونے کے بعد شکیب بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹک سکے اور یہاں سے میزبان ٹیم کی پوری بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آخری پانچ کھلاڑی مجموعی سکور میں محض 13 انز کا ہی اضافہ کر پائے۔
لنکن بالر فرنینڈو نے باقی ماندہ کھلاڑیوں کا صفایا کرکے 29 رنز کا مختصر ہدف حاصل کیا جسے مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 365 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکا نے پہلی اننگز میں 506 رنز بنا کر جیت کی بنیاد رکھ دی تھی۔