ٹینس کے عالمی نمبر پانچ کھلاڑی رافیئل ندال نے کہا ہے کہ فرنچ اوپن ٹورنامنٹ میں اتوار کو جب ان کے چچا اور تین دہائیوں تک کوچ رہنے والے ٹونی ندال انہیں شکست دینے کی منصوبہ بندی کریں گے تو انہیں ’کوئی مسئلہ ہی نہیں‘ ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو 23 بار چیمپئن بننے والے رافیئل ندال کا مقابلہ فیلکس اوگر الیائسمے سے ہوگا جو اپریل 2021 سے ٹونی ندال سے کوچنگ لے رہے ہیں۔
ٹونی 27 سال تک رافیئل کے کوچ رہے اور دونوں کا ساتھ چار سال پہلے ہی ختم ہوا۔
ڈچ ٹینس کھلاڑی بوٹک وین ڈی زنڈشلپ کو ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے کے بعد رافیئل ندال نے کہا کہ ان کے لیے اگلا میچ آسان ہوگا۔
انہوں نے ایک میڈیا ٹاک میں کہا: ’وہ میرے چچا ہیں۔ وہ نہیں چاہیں گے کہ میں ہاروں۔ وہ میرے لیے اچھا چاہتے ہیں اور میں ان کے لے اچھا چاہتا ہوں۔ لیکن وہ ایک پیشہ ور ہیں اور اب کسی اور کھلاڑی کے ساتھ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’معلوم نہیں وہ پلیئرز باکس میں ہوں گے یا نہیں لیکن ایمانداری سے کہوں تو، یہ میرے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘
کینڈین کھلاڑی فیلکس اوگر الیائسمے نے صرف ایک بار ندال کا سامنا کیا ہے۔ 21 سالہ کھلاڑی نے اتوار کو ہونے والے مقابلے میں ٹونی ندال کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہمیں معلوم تھا کہ جب میں ٹونی ندال کے ساتھ کام کر رہا ہوں تو رافیئل ندال کے ساتھ مقابلے کا امکان ہے اور اب درحقیقت وہ اس گرینڈ سلم میں یہاں ہیں۔‘
فیلکس اوگر الیائسمے ٹونی ندال کی رہنمائی میں پہلی بار ستمبر میں کسی گرینڈ سلم کی سیمی فائنل میں پہنچے تھے۔
انہوں نے کہا: ’میرے خیال میں ٹونی ندال ایک غیر جانبدار جگہ پر بیٹھ کر میچ سے لطف اندوز ہوں گے۔ میرے لیے یہ دوسرے مقابلوں کی طرح ہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا: ’رافا کا کیریئر اور جو کچھ انہوں نے ٹونی ندال کے ساتھ کیا وہ اتوار کو ہونے والے میچ سے کہیں بڑا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رافیئل نے کہا ہے کہ نتیجہ کچھ بھی ہو، ان کے اپنے 61 سالہ چچا کے ساتھ تعلقات خراب نہیں ہوں گے۔
اپنے کیریئر میں ٹونی ندال کے ساتھ اپنے ریکارڈ 21 میجر ٹائٹلز میں سے 16 جیتنے والے رافیئل ندال نے کہا: ’وہ اتنے بڑے ہیں کہ اپنے فیصلے خود کر سکیں۔‘
’اتنے برسوں میں انہوں نے جو کچھ میرے لیے کیا، میں اس کا شکریہ ادا نہیں کرسکتا۔ ہم کسی بھی چیز سے بڑھ کر ایک خاندان ہیں۔ وہ میرے لیے میرے چچا سے بڑھ کر ہیں۔‘
اتوار کو ہونے والے مقابلے میں ان کا ریکارڈ دیکھتے ہوئے رافیئل ندال فیورٹ ہیں۔ وہ فرنچ اوپن میں 108 میچ جیت چکے ہیں اور تین میں شکست ہوئی ہے۔
پیرس میں کھیلتے ہوئے وہ 18 میں سے 17 بار کم از کم چوتھے راؤنڈ میں پہنچے۔ سوائے 2016 کے جب وہ کلائی کی چوٹ کے باعث تیسرے راؤنڈ میں دستبردار ہوگئے تھے۔
اگر عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ ارجنٹائن کے ڈیاگو شوارٹزمین کو مات دے دیں اور رافیئل ندال کے ہاتھوں فیلکس آوگر الیائسمے کو شکست ہو تو کوارٹر فائنل میں ندال کا مقابلہ نوواک جوکووچ سے ہوگا۔
دی انڈپینڈنٹ کے مطابق مردوں کی ٹینس میں سب سے زیادہ شاندار ان حریفوں کے درمیان اب تک 58 مقابلے ہو چکے ہیں جن میں سے رافیئل ندال 28 اور نوواک جوکووچ30 بار فاتح رہے۔