مصری طلبہ نے رات کو چمکنے والا تعمیراتی مواد بنا لیا

تعمیراتی انجینیئرنگ کے طلبہ کا تیار کردہ یہ ماحول دوست تعمیراتی مواد دن میں سورج کی روشنی جذب کرکے رات کو روشنی فراہم کرتا ہے۔

مصر کے چار طلبہ نے ایسا ماحول دوست تعمیراتی مواد تیار کیا ہے جو سورج سے توانائی جذب کرنے اور رات کو روشنی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

قاہرہ کی امریکن یونیورسٹی (اے یو سی) میں تعمیراتی انجینیئرنگ کے طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کے گریجویشن پروجیکٹ کا مقالہ دستیاب وسائل سے ترقی میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس منصوبے کو تیار کرنے والے ایک طالب علم مایار خیری نے بتایا: ’یہ آئیڈیا سڑکوں کے معاملے میں مفید ثابت ہوگا۔ یہ انرجی کو تبدیل کرے گا کیونکہ یہ صبح سورج کی روشنی جذب کرے گا اور رات کو روشنی دے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس سے امن و سلامتی کے حصول میں بھی مدد ملے گی کیونکہ رات کے وقت اس سے تاریک گلیاں روشن ہوں گی۔‘

نیا کنکریٹ عام مواد جیسی میکانیکی خصوصیات رکھتا ہے، لیکن اس میں چمکنے والی خصوصیات اضافی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق سے ممکنہ طور پر شاہراہوں اور سڑکوں کو روشن کرنے کے لیے استعمال ہونے والی بجلی پر انحصار کم ہو سکتا ہے۔ اگر تعمیراتی منصوبوں میں وسیع پیمانے پر اس کا استعمال کیا جاتا تو انہیں امید ہے کہ اس سے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

کنسٹرکشن انجینیئرنگ کے پروفیسر محمد نگوب نے بتایا: ’یہ تحقیق خاص طور پر ماحول دوست تعمیراتی مواد تیار کرنے کی جانب ایک قدم ہے جس میں بجلی کی کھپت نہیں ہوتی، ماحولیات میں کاربن ڈائی آکسائیڈ یا نقصان دہ گیسیں خارج نہیں ہوتیں، جو موسمیاتی تبدیلیوں میں معاون ہیں۔‘

اس طرح کے پراجیکٹ خاص طور پر بروقت ہیں کیونکہ مصر اس سال کے آخر میں آب و ہوا کے حوالے سے سربراہ اجلاس کوپ 27 کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔

ملک کی ماحولیات کے متعلق حکمت عملی میں قابل تجدید توانائی پر انحصار کرنے اور بجلی کی کھپت کو کم کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل