پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پہلی مرتبہ بڑۓ پیمانے پر کامک بک، اینی میشن اور ویڈیو گیمز کے کرداروں کے میلے کا اہتمام ہوا جس کا نام ’گیک کون‘ رکھا گیا تھا۔
اس میں شہر بھر سے بچوں اور نوجوانوں نے اپنے پسندیدہ کرداروں کا حلیہ بنا کر شرکت کی۔
عالمی سطح پر ایسی تقاریب ہوتی رہتی ہیں اور پاکستان میں بھی گیک کون 10 سال منعقد کیا جا رہا ہے لیکن ملک میں بڑے پیمانے پر یعنی ایکسپو سینٹر میں پہلی مرتبہ ایسی کسی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
اس میلے کے منتظم اور شریک بانی یاسر عبید کا کہنا تھا کہ ’یہ اصل میں پاپ کلچر کو منانے کا ایک طریقہ ہے، جو سب کے لیے ہے اور لوگ اپنے خاندان کے ساتھ یہاں آسکتے ہیں اور آ رہے ہیں جس میں جنریشن زی اور جنریشن الفا کی شرکت کچھ زیادہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ مفت نہیں ہے، داخلہ ٹکٹ تین ہزار روپے رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس میں صرف لوگ تیار ہوکر ہی نہیں آ رہے بلکہ اس میں ویڈیو گیمنگ کے مقابلے بھی ہو رہے ہیں اور ہر ایک اس سے لطف اندوز ہوسکتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہاں مختلف سٹالز بھی لگائے گئے ہیں جس میں کیری کیچرز، کامک کرداروں سے متعلق اشیا اور پوسٹرز کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
یاسر عبید کے مطابق یہ ایسی جگہ ہے جہاں لوگ ایک دوسرے سے گھل مل سکتے ہیں اور ایک اچھا وقت گزار سکتے ہیں۔
مرکزی ہال میں داخلے پر نظر آنے والے منظر میں زیادہ تر افراد نے ویڈیو گیمز اور اینی میشن کے کرداروں کا روپ بھر رکھا ہے اور مارویل اور ڈی سی کامک بس اکا دکا ہی نظر آئے۔
چند چھوٹے بچے بھی کامک کرداروں کا روپ دھارے نظر آئے۔
ذرائع ابلاغ کی غیر موجودگی میں عوام ہی تصویریں اور ویڈیو بنا میں مصروف رہے۔