لندن کے میئر صادق خان پاکستان کا اعلیٰ سول اعزاز ستارہ پاکستان حاصل کرنے والے پہلے برطانوی سیاست دان بن گئے۔
حکومت پاکستان نے 14 اگست، 2022 کو یوم آزادی کے موقعے پر منتخب ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو اس اعزاز سے نوازا، جن میں لندن کے میئر صادق خان بھی شامل ہیں۔
ستارہ پاکستان حاصل کرنے کے بعد صادق خان نے کہا: ’میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے دن خود کو ستارہ پاکستان ملنے پر فخر اور انکساری محسوس کر رہا ہوں۔
’گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مثبت نتائج کو دیکھا۔ خاص طور پر لندن میں جہاں پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد ہماری ثقافت، معیشت اور معاشرے میں اہم اور مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی ہائی کمیشن برائے برطانیہ کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن لندن میں منعقد کی جانے اس تقریب میں مئیر لندن کو اس اعزاز سے نوازا گیا۔
انہیں یہ اعزاز برطانیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات میں وسعت دینے اور بہتر بنانے اور برطانیہ میں مقیم برادریوں کے لیے کردار ادا کرنے پر دیا گیا۔
برطانیہ کے لیے پاکستان کے ہائی کمشنز نے صدر پاکستان کی جانب سے اس سول ایوارڈ سے صادق خان کو نوازا۔
اس موقعے پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے صادق خان کے کردار کو سراہا۔
لندن کے میئر کا کہنا تھا کہ ’میں ہائی کمیشن کے ساتھ ملک کر لندن کو سب کے لیے بہتر بنانے کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے پرامید ہوں۔‘