انٹرنیٹ ڈاؤن: ’اب یہ ہر ہفتے کا ہو گیا ہے‘

پاکستان میں رواں ماہ کم از کم دو مرتبہ انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں، جس سے ایک طرف جہاں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، وہیں انہوں نے اپنا ’غم غلط‘ کرنے کے لیے میمز کے ذریعے اس صورت حال کو بھی انجوائے کیا۔

12 جولائی 2018 کی اس تصویر میں اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں ایک طالبہ موبائل فون استعمال کرتے ہوئے۔ گذشتہ رات انٹرنیٹ سروس کے متاثر ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان میں گذشتہ رات ایک مرتبہ پھر انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی، جس سے صارفین کو جہاں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہیں پاکستانیوں نے اپنے حسِ مزاح کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ’غم غلط‘ کرنے کے لیے خوب میمز بنائیں اور اس پریشانی میں بھی انجوائے کیا۔

پاکستان میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والے بڑے اداروں میں سے ایک ’نیا ٹیل‘ نے اپنے صارفین کو مطلع کرنے کے لیے ٹوئٹر پر پیغام دیا: ’آپ کو انٹرنیٹ کی ترسیل میں شاید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے جس کی وجہ ہمارے ’بیک بون پروائیڈر‘ (انٹرنیٹ فراہم کرنے والوں) کو درپیش مسئلہ ہے۔ ہماری ٹیم مسلسل ان سے رابطے میں ہے اور مسئلے کے فوری حل کے لیے کوشاں ہے۔ تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘

دلچسپ امر یہ ہے کہ ادارے نے اس ٹویٹ پر جواب دینے کا آپشن بھی بلاک کر رکھا ہے۔

اس پیغام کے ردعمل میں ٹوئٹر صارف شہیر نے تحریر کیا: ’اب یہ ہر ہفتے کا ہو گیا ہے۔‘

نعمان نامی ایک صارف نے لکھا: ’مہربانی فرما کر اپنی ’بیک بون‘ کو ٹھیک کریں۔‘

رانا عمار افضل نامی ٹوئٹر صارف نے تحریر کیا: ’ مجھے لگتا ہے شارک کا فیورٹ ڈنر پاکستان کی انٹرنیٹ کی تاریں ہیں۔‘

اس سب کے دوران موبائل فون آپریٹر جاز کی انٹرنیٹ سروس کی بلاتعطل فراہمی پر اذان بٹ نے فلم کے ڈائیلاگ ’جلوہ ہے ہمارا یہاں‘ کے ساتھ تحریر کیا ’جب انٹرنیٹ سروس تعطل کا شکار ہو تو جاز صارفین دیگر صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے۔‘

ٹوئٹر صارف صمد نے ایک اہم نکتے کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا: ’پاکستان میں جہاں انٹرنیٹ کو سیاسی فائدے کے لیے بند کیا جا رہا ہے، سپیڈ کو محدود کیا جا رہا ہے، اس سے ان لوگوں کا نقصان ہو رہا ہے جن کا روزگار انٹرنیٹ سے منسلک ہے۔‘

حجاب نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا کہ ’یہ شارک ہی انٹرنیٹ کیبل کو کاٹتی ہے ناں؟ ایسا نہ ہو 2022 سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی لوڈشیڈنگ بھی شروع ہو جائے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ