وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے موقع پر قطر نے زرمبادلہ کی کمی کے شکار ملک پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
اس بات کا اعلان بدھ کو قطری حکومت کے ایوان ’الدیوان امیری‘ نے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ’قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی‘ پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پاکستان اس وقت معاشی بدحالی کا شکار ہے اور اسے ادائیگیوں کے توازن کے بحران کا سامنا ہے۔ ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر محض 7.8 ارب ڈالر تک گر چکے ہیں جو ایک ماہ سے زیادہ کی درآمدات کے لیے بمشکل ہی کافی ہیں۔
پاکستان بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور جولائی میں ریکارڈ حد یعنی 24 فیصد سے زیادہ افراط زر کا بھی مقابلہ کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق الدیوان امیری سے جاری بیان میں سرمایہ کاری کی مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ ’قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔‘
The Amir reassured the Prime Minister of Qatar’s commitment to forge a stronger economic partnership with. The PM thanked His Highness for the Qatar Investment Authority (QIA)’s readiness to invest US$ 3 billion in various commercial and investment sectors in Pakistan.
— Prime Minister's Office (@PMO_PK) August 24, 2022
یہ اعلان پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے دوحہ کے دورے کے دوران کیا گیا جنہوں نے منگل کو قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کے ساتھ ملاقات کے بعد بدھ کو قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے باضابطہ بات چیت کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
الدیوان امیری کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’معزز مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات کی اہمیت اور تجارتی تبادلے کو بڑھانے اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کی خواہش پر زور دیا۔‘
وزیر اعظم کا قطر کا دورہ ایسے وقت ہوا ہے جب اگلے ہفتے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی فنانسنگ کی منظوری متوقع ہے اور یہ قسط رواں سال کے آغاز سے رکی ہوئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل کو قطر کے 450 ارب ڈالر مالیت والے خودمختار قطری ادارے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کو پاکستان کے توانائی اور ہوا بازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ قابل تجدید توانائی، فوٖڈ سکیورٹی، صنعتی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔
شہباز شریف کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں بشمول خسارے میں چلنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور اس کی ملکیت نیویارک کے روزویلٹ ہوٹل کے شیئرز قطر کو فروخت کرنے کی دعوت دی جائے گی۔