پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہفتے کو لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگلے چند ماہ میں وزیراعظم توانائی کے شعبے میں مزید ریلیف کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملکی معیشت کے استحکام کے لیے پوری محنت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کو بخوبی سمجھتے ہیں، ایسا طبقہ جس کی جائیداد یہاں ہے نہ وہاں اس کو بھی پیچیدہ ٹیکس نظام میں الجھایا ہوا ہے، ٹیکس نظام کو انتہائی سادہ بنانے جا رہے ہیں، اگلے کچھ ماہ میں وزیر اعظم مزید ریلیف کا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ایف بی آر میں صاف ستھرے لوگ لے کر آ رہے ہیں، ہم ایف بی آر میں فارم کو 25 چیزوں پر لے کر جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کے کہا کہ ’معیشت درست سمت میں گامزن ہے، پاکستانی مصنوعات کی عالمی مارکیٹ تک رسائی وقت کی اہم ضرورت ہے، صنعتی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا، ملکی ترقی میں تاجروں کا کردار کلیدی ہے، سیالکوٹ چیمبر آف کامرس پورے پاکستان کے تاجروں کے لیے کامیابی کی ایک مثال ہے۔‘
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک ایک اہم منصوبہ ہے، 2028 کے بعد ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا، بلوچستان میں ریکوڈک پروجیکٹ ہمارا خواب ہے، انڈونیشیا میں پچھلے سال نِکل کی ایکسپورٹ 22 ارب ڈالر رہی، 2028 کے بعد ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہو گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا کہ شرح سود 22 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ چکی اوراس میں کمی سے کاروباری استحکام آ رہا ہے۔
’مہنگائی کی شرح کم ہو رہی ہے۔ افراط زر نیچے آنے سے عام آدمی کا فائدہ ہونا چاہیے۔ ہمارا اصل مقصد عام آدمی کو فائدہ پہنچانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر دالوں، چینی اور دوسری اشیا کی قیمتوں کو دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہ دار طبقہ اب ٹیکس گوشوارے خود بھر سکتا ہے۔ سٹاک مارکیٹ اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے۔
’سٹاک مارکیٹ اوپر نیچے ہونے میں کچھ وجوہات بیرونی ہیں، ہمیں دیکھنا ہے کہ ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں یا نہیں؟‘
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے یورپی روٹ کھل گئے ہیں، امید ہے انگلینڈ کے روٹس بھی کھل جائیں گے، دیہات میں ہماری آبادی زیادہ بڑھ رہی ہے ، آج ملک کو مشکلات درپیش ہیں۔