سابق سوویت رہنما میخائل گورباچوف 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں اور امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ماسکو کے سینٹرل کلینیکل ہسپتال نے ایک بیان میں بتایا کہ گورباچوف طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ اس کے علاوہ کوئی تفصیلات نہیں دی گئیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جانب سے جاری ایک بیان میں سابق سوویت رہنما کی موت پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا، ’میخائل گورباچوف ایک قابل ذکر بصیرت والے انسان تھے۔ ہم ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں۔‘
سابق سوویت رہنما کی موت کے اعلان کے بعد یورپی یونین کے متعدد رہنماؤں نے میخائل گورباچوف کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، آسٹریا کے چانسلر کارل نیامر اور ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے بھی میخائل گورباچوف کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل ہیں۔
اگرچہ وہ سات سال سے بھی کم عرصہ اقتدار میں رہے لیکن گورباچوف نے تبدیلیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا تھا۔ مگر یہ تبدیلیاں بہت جلد ناکافی ثابت ہوئیں جس کے باعث آمرانہ سوویت یونین کا خاتمہ ہو گیا اور مغرب اور مشرق کے درمیان جوہری تصادم بھی اختتام کو پہنچا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشرقی یورپی ممالک بھی روسی تسلط سے نکل گئے۔
ایک سیاسی تجزیہ کار اور ماسکو میں سابق امریکی سفیر مائیکل میک فاؤل نے ٹوئٹر پر کہا: ’گورباچوف کے مقابلے میں تاریخ کا رخ مثبت سمت میں تبدیل کرنے والے ایک بھی شخص کے بارے میں سوچنا مشکل ہے۔‘
گورباچوف کا زوال ذلت آمیز تھا۔ اگست 1991 میں ان کے خلاف بغاوت کی کوشش ہوئی جس سے ان کی طاقت کو شدید دھچکا پہنچا۔ انہوں نے اپنے اقتدار کے آخری مہینے دفتر میں ایک کے بعد ایک ریاست کو سوویت یونین سے علیحدگی لیتے دیکھا اور بالآخر وہ 25 دسمبر 1991 کو مستعفی ہو گئے۔ اور اس کے ٹھیک ایک دن بعد سوویت یونین کا بھی خاتمہ ہو گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس تباہی کے ایک چوتھائی صدی بعد گورباچوف نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا تھا کہ انہوں نے سوویت یونین کو اکٹھا رکھنے کی کوشش میں وسیع پیمانے پر طاقت کے استعمال پر غور نہیں کیا کیونکہ انہیں جوہری ملک میں افراتفری کا خدشہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ملک ہتھیاروں سے بھرا ہوا تھا۔ اس سے ملک فوری طور پر خانہ جنگی کی طرف دھکیل دیا جاتا۔‘
اپنی حکومت کے اختتام تک وہ اپنے ہی پیدا کیے ہوئے طوفان کو روکنے میں بے اختیار رہے۔ اس کے باوجود گورباچوف نے بیسویں صدی کے دوسرے نصف حصے میں کسی بھی دوسری سیاسی شخصیت کے مقابلے میں زیادہ اثر ڈالا ہو گا۔
گورباچوف نے عہدہ چھوڑنے کے فورا بعد 1992 میں اے پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میں اپنے آپ کو ایک ایسے شخص کے طور پر دیکھتا ہوں جس نے وہ اصلاحات شروع کیں جو ملک، یورپ اور دنیا کے لیے ضروری تھیں۔
گورباچوف نے سرد جنگ کے خاتمے میں اپنے کردار کے لیے 1990 کا نوبل امن انعام جیتا اور آنے والے برسوں میں دنیا کے کونے کونے سے تعریفیں اور انعامات وصول کیے۔ اس کے باوجود انہیں اپنے ملک میں حقیر سمجھا جاتا تھا۔
روسیوں نے انہیں 1991 میں سوویت یونین کے انتشار کا ذمہ دار ٹھہرایا جو ایک وقت کی سپر پاور تھی۔ ان کے سابق اتحادیوں نے انہیں چھوڑ دیا۔
ان کا 1996 میں صدر کا انتخاب لڑنا ایک قومی مذاق ثابت ہوا اور انہیں ایک فیصد سے بھی کم ووٹ پڑے۔
1997 میں انہوں نے اپنی خیراتی فاؤنڈیشن کے لیے رقم کمانے کی غرض سے پیزا ہٹ کے لیے ٹی وی اشتہار بنائے۔
اقتدار سنبھالنے کے فورا بعد گورباچوف نے اپنے ملک کے معاشی اور سیاسی جمود کو ختم کرنے کی مہم شروع کی جس میں انہوں نے ’گلاسنوسٹ‘ یا کھلے پن کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مقصد ’پیرسٹروکا‘ یا تنظیم نو کے حصول میں مدد کی۔
اپنی یادداشتوں میں انہوں نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے مایوس تھے کہ بے پناہ قدرتی وسائل والے ملک میں لاکھوں افراد غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔
ایک بار جب وہ شروع ہوئے تو ایک اقدام دوسرے اقدام کی طرف لے گیا۔ انہوں نے سیاسی قیدیوں کو رہا کیا، کھلی بحث اور کثیر امیدواروں والے انتخابات کی اجازت دی۔ اپنے ہم وطنوں کو سفر کرنے کی آزادی دی۔ مذہبی جبر کو روکا۔ جوہری اسلحے میں کمی کی۔ مغرب کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کیے اور مشرقی یورپی سیٹلائٹ ریاستوں میں کمیونسٹ حکومتوں کے زوال پر مزاحمت نہیں کی۔
لیکن انہوں نے جن قوتوں کو کھلا چھوڑا وہ تیزی سے ان کے اختیارسے باہر ہو گئیں۔
میخائل سرگئیویچ گورباچوف 2 مارچ 1931 کو جنوبی روس کے گاؤں پریولنوئے میں پیدا ہوئے۔ 15 سال کی عمر تک وہ سکول کے بعد اور موسم گرما کے دوران وہ کھیتی باڑی کرنے میں اپنے والد کی مدد کرتے رہے۔
کارکردگی کی وجہ سے انہیں ریڈ بینر آف لیبر کا آرڈر دیا گیا جو ایک 17 سالہ نوجوان کے لیے ایک غیر معمولی امتیاز تھا۔ اس انعام اور ان کے والدین کے پارٹی پس منظر نے انہیں 1950 میں ملک کی اعلیٰ یونیورسٹی ماسکو سٹیٹ میں داخلہ دینے میں مدد کی۔
وہاں ان کی ملاقات اپنی اہلیہ رئیسہ میکسیموونا ٹیٹورینکو سے ہوئی اور انہوں نے کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
وہ 1971 میں طاقتور جماعت سینٹرل کمیٹی کے لیے منتخب ہوئے۔ 1978 میں سوویت زرعی پالیسی سنبھالی اور 1980 میں پولٹ بیورو کے مکمل رکن بن گئے۔
اس دوران وہ مغرب، بیلجیم، جرمنی، فرانس، اٹلی اور کینیڈا بھی گئے۔ ان دوروں نے ان کی سوچ پر گہرا اثر ڈالا اور سوویت طرز کی سوشلزم کی برتری پر ان کے یقین کو ہلا کر رکھ دیا۔
لیکن گورباچوف کو اپنی باری کا انتظار کرنا پڑا۔ سوویت رہنما لیونید بریزنیف 1982 میں انتقال کر گئے اور ان کے بعد دو دیگر رہنما: گورباچوف کے سرپرست یوری انڈراوپوف اور کونسٹانٹن چرنینکو۔
یہ مارچ 1985 تھا جب چرنینکو کا انتقال ہوا، پارٹی نے بالآخر ملک کی قیادت کے لیے ایک نوجوان آدمی کا انتخاب کیا: گورباچوف۔ وہ 54 سال کے تھے۔
ان کا دور مشکلات سے بھرا ہوا تھا جن میں افغانستان سے سوویت فوج کا انخلا اور چرنوبل جوہری حادثہ بھی شامل تھا۔
لیکن نومبر 1985 سے گورباچوف نے عالمی رہنماؤں خصوصا امریکی صدور رونلڈ ریگن اور جارج بش کے ساتھ سربراہ اجلاسوں کا سلسلہ شروع کیا جس کے نتیجے میں امریکی اور سوویت جوہری اسلحے میں بے مثال، بہت زیادہ کمی واقع ہوئی۔
حال ہی میں گورباچوف نے روسی صدر ولادیمیر پوتن پر تنقید اور ہلکی سی تعریف کی ہے جو گورباچوف اور یلتسن دور کی جمہوری کامیابیوں سے پیچھے ہٹنے پر تنقید کا نشانہ بنے ہیں۔
گورباچوف نے کہا کہ اگرچہ ولادی میر پوتن نے سوویت زوال کی ہنگامہ خیز دہائی کے بعد روس میں استحکام اور وقار کی بحالی کے لیے بہت کچھ کیا لیکن میڈیا پر بڑھتی ہوئی پابندیوں پر انہوں نے احتجاج کیا۔
گورباچوف نے یوکرین پر ولادی میرپوتن کے حملے کے خلاف بھی بات کی۔ 24 فروری کے حملے کے ایک دن بعد انہوں نے ایک بیان جاری کیا جس میں ’دشمنی کے جلد خاتمے اور امن مذاکرات کے فوری آغاز‘ کا مطالبہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا: ’دنیا میں انسانی جانوں سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں ہے۔ باہمی احترام اور مفادات کے اعتراف کی بنیاد پر مذاکرات اور بات چیت ہی شدید ترین تضادات اور مسائل کو حل کرنے کا واحد ممکنہ طریقہ ہے۔‘