امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی مرمت اور دیکھ بھال کے ممکنہ پروگرام کے لیے 450 ملین (45 کروڑ) ڈالر امداد کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی دفاعی سلامتی تعاون ایجنسی کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے کانگریس کی مطلوبہ سرٹیفیکیشن بھی فراہم کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان نے درخواست کی ہے کہ ماضی کے دیکھ بھال کے پروگرامز کو یکجا کر کے پاکستان ایئر فورس کے ایف 16 بیڑوں کی مدد کی جائے۔
ان خدمات کی ممکنہ فروخت کے تحت پاکستانی طیاروں کو نیا اسلحہ یا صلاحیت فراہم نہیں کی جائے گی بلکہ موجودہ صلاحیت کی دیکھ بھال کی جائے گی۔
اس پروگرام کے ذریعے امریکی حکومت اور کنٹریکٹر پاکستان کے ایف 16 طیاروں کو انجینیئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹیکل خدمات دیں گے جن کی تفصیلات کچھ یوں ہیں:
- ایف 16 ایئرکرافٹ سٹرکچرل انٹیگریٹی پروگرام میں شمولیت
- الیکٹرانک کامبیٹ انٹرنیشنل سیکورٹی اسسٹنس پروگرام
- بین الاقوامی انجن مینجمنٹ پروگرام
- انجن کے آلات کی بہتری کا پروگرام
- طیارے کے انجن ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر میں ترمیم اور معاونت
- طیارے اور انجن کی اضافی مرمت
- طیارے کے لوازمات اور معاون آلات
- خفیہ اور عام سافٹ ویئر اور سافٹ ویئر کی معاونت
- اشاعتیں، دستی اور تکنیکی دستاویزات
- درست پیمائش، کیلیبریشن، لیب آلات، اور تکنیکی معاونت
- مطالعات اور سروے
- طیارے کی دیکھ بھال اور پروگرام کی معاونت کے دیگر متعلقہ عناصر۔
امریکی محکمہ خارجہ کے سیاسی اور ملٹری ونگ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اس فروخت کا ذکر کیا۔
.@StateDept authorizes a Foreign Military Sales #FMS case for #Pakistan for follow on effort and consolidation of prior F-16 sustainment and support cases to support the Pakistan Air Force F-16 fleet valued at up to $450 million #FMSUpdate - https://t.co/qkPRC9mOWK
— Political-Military Affairs, US Dept of State (@StateDeptPM) September 7, 2022
اعلامیے کے مطابق اس مجوزہ فروخت سے امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد میں مدد اور پاکستان کو انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں اور مستقبل میں ہنگامی آپریشنز کی تیاری میں امریکی اور شراکت دار افواج کے ساتھ معلومات کے اشتراک میں مدد ملے گی۔
مجوزہ فروخت سے پاکستان کا ایف 16 بیڑا پائیدار رہے گا جس کی فضا سے زمین تک مار کرنے کی بہترین صلاحیت پاکستان کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں مدد کرتی ہے۔ پاکستان کو ان طیاروں اور سروسز کو اپنی مسلح افواج میں شامل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سازوسامان اور معاونت کی مجوزہ فروخت سے خطے میں بنیادی فوجی توازن میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اس مجوزہ فروخت کے نفاذ کے لیے پاکستان میں کسی اضافی امریکی حکومت یا ٹھیکیدار نمائندوں کی ضرورت نہیں ہو گی اور اس مجوزہ فروخت کے نتیجے میں امریکی دفاعی تیاری پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔
طیارے بنانے والے معروف امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کی بطور کنٹریکٹر خدمات حاصل کی جائیں گی۔
پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی نگرانی اور دیکھ بھال کے پروگرامز میں ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں۔ سال 2019 میں بھی پاکستان نے امریکہ کے ساتھ ایسا ہی ایک معاہدہ کیا تھا جس کے لیے ساڑھے 12 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے تھے۔