ائیر ہوسٹس نے ڈیٹ پر جانے سے انکار کیا کیا کہ مایوس عاشق نے طیارے میں بم کی جھوٹی اطلاع دے کر پرواز موخر کرا دی۔
اس 65 سالہ شخص نے عدالت میں اعتراف کیا کہ انہوں نے لفتھانسا کے طیارے میں بم کی جھوٹی اطلاع صرف اس وجہ سے دی تھی کیوں کہ اس میں سوار ایک ائیر ہوسٹس نے ان کے ساتھ ڈیٹ پر جانے سے انکار کر دیا تھا۔
سربیا سے تعلق رکھنے والے شخص نے، جن کا نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا، عدالت میں انکشاف کیا کہ انہوں نے ایک نہیں بلکہ جرمن فضائی کمپنی کے عملے کی دو ارکان کو ڈنر کے لیے مدعو کیا تھا لیکن دونوں نے ہی یہ پیشکش ٹھکرا دی۔
یہی نہیں اس شخص کا کہنا تھا کہ ان دو خواتین میں سے ایک پر خاص طور پر ان کا دل آ گیا تھا اور اپنی ’محبوبہ‘ کو ہوٹل میں موجود نہ پا کر انہوں نے طیارے میں بم کی اطلاع دینے کا فیصلہ کیا تاکہ ’محبوبہ‘ کو پرواز پر جانے سے روکا جا سکے۔
جھوٹی اطلاع کے باعث جمعرات کو بلغراد ائیرپورٹ پر فرینکفرٹ جانے والی لفتھانسا کی فلائیٹ LH 1411 پر سوار 130 مسافروں اور عملے کے پانچ ارکان کو طیارے سے اتار لیا گیا تھا۔
بعد میں طیارے کو رن وے سے ہٹا کر خصوصی پولیس سکواڈ نے اس کی مکمل تلاشی لی، جس سے پرواز کو آٹھ گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
طیارے میں بم کی اطلاع کے بعد سربیا کی وزارت داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا: ’آج صبح چھ بجے نامعلوم شخص نے فون پر فرینکفرٹ جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع دی۔ پولیس جانچ کر رہی ہے کہ یہ جھوٹی خبر تو نہیں اور کال کرنے والے شخص کی شناخت جاننے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
پولیس کال ٹریس کرنے میں کامیاب رہی اور مشتبہ شخص کو بھی اسی روز گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پراسیکیوشن کے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشتبہ شخص قانون کی حراست میں ہے اور ان پر افراتفری اور خوف پھیلانے پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
© The Independent