برطانیہ میں لوگ اس وقت شدید حیرت کا شکار ہو گئے جب انہوں نے فلسطینی پرچم تھام کر بگ بین کی عمارت پر چڑھنے والے شخص کو دیکھا۔
دوسری جانب ہنگامی خدمات کے ادارے فوری طور پر موقعے پر پہنچ گئے۔
پولیس، آگ بجھانے والے اور طبی عملے کو ویسٹ منسٹر پیلس بلایا گیا جہاں ہفتے کی صبح مذکورہ شخص بگ بین کی عمارت کے ایک حصے پر چڑھ گئے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ننگے پاؤں ایک شخص الزبتھ ٹاور پر کئی میٹر اوپر کنارے پر کھڑے ہیں، انہوں نے فلسطین کا پرچم تھام رکھا ہے، اسی ٹاور میں بگ بین بھی نصب ہے۔
ہنگامی سروسز کی کم از کم نو گاڑیاں برج سٹریٹ، سینٹرل لندن میں قطار میں کھڑی تھیں جب کہ عوام پولیس کے قائم کردہ گھیرے کی دوسری طرف سے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔
لندن براڈ کاسٹنگ کمپنی (ایل بی سی) کے رپورٹر کے مطابق مذکورہ شخص تین گھنٹے سے زیادہ وقت سے وہاں احتجاج کر رہے تھے۔ وہ مبینہ طور پر فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور برطانیہ میں احتجاج مخالف قوانین میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میٹروپولیٹن پولیس کے ترجمان کے مطابق: ’ہفتہ آٹھ مارچ کو صبح سات بج کر 24 منٹ پر افسروں کو اطلاع ملی کہ ایک شخص پارلیمنٹ ہاؤس میں الزبتھ ٹاور پر چڑھ رہا ہے۔ افسر موقع پر موجود ہیں اور صورت حال پر محفوظ طریقے سے قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہیں لندن فائر بریگیڈ اور لندن ایمبولینس سروس کی مدد حاصل ہے۔‘
ہفتے کو صبح تقریباً 10 بجے تین ہنگامی اہلکاروں کو فائر بریگیڈ کی کرین کی مدد سے کئی میٹر تک فضا میں اٹھایا گیا۔ ایک اہلکار نے میگا فون کے ذریعے کنارے پر کھڑے شخص کے ساتھ بات کرنے کی کوشش کی۔
پولیس نے تصدیق کی کہ برج سٹریٹ، جو ویسٹ منسٹر پل کے شمالی سرے پر واقع ہے، واقعے سے نمٹنے کے لیے بند کر دی گئی تاکہ ہنگامی سروسز کے اہلکار صورت حال سے نمٹ سکیں۔
یہ بھی معلوم ہوا کہ ویسٹ منسٹر میں زیر زمین ریلوے سٹیشن کا ایک خارجی راستہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا تاہم ریل سروسز متاثر نہیں ہوئیں اور مسافر دوسرے راستے استعمال کر سکتے تھے۔
لندن فائر بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا کہ ’فائر فائٹرز، میٹروپولیٹن پولیس سروس کے ساتھ مل کر ویسٹ منسٹر پیلس پر چڑھنے والے شخص کی اطلاع پر کارروائی کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ لیمبتھ، چیلسی، سوہو اور آئزلنگٹن کے فائر سٹیشنز سے عملہ واقعے کے مقام پر تعینات کیا گیا۔
© The Independent