انڈیا انسداد دہشت گردی کے لیے اقوام متحدہ کو پانچ لاکھ ڈالر دے گا

انڈیا کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروپوں کا جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال دنیا بھر کی حکومتوں کے لیے نئے خطرات کا باعث ہے۔

انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر 22 اگست، 2022 کو پیراگوئے میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈیا عالمی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں میں پانچ لاکھ ڈالر کا تعاون کرے گا۔

اس بات کا اعلان انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتے کو کیا جن کے مطابق دہشت گرد گروپوں کی جانب سے استعمال کی جانے والی نئی ٹیکنالوجیز دنیا بھر کی حکومتوں کے لیے نئے خطرات کا باعث ہے۔

ایس جے شنکر نے نئی دہلی میں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم انسداد دہشت گردی کے لیے اقوام متحدہ کے ٹرسٹ فنڈ میں جمع کی جائے گی جو دہشت گردی کے خلاف تنظیم کی لڑائی کو مزید مضبوط کرے گی۔

یہ پہلی بار ہے کہ اس طرح کی کانفرنس جس میں نئی ٹیکنالوجیز کے پیش نظر دہشت گرد گروپوں کی جانب سے لاحق خطرات پر بات ہو گئی، نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے باہر منعقد ہو رہی ہے۔

جے شنکر نے کہا کہ خفیہ پیغام رسانی کی سروسز اور بلاک چین جیسی نئی ٹیکنالوجیز کو دہشت گرد گروپس اور دیگر ایکٹرز تیزی سے غلط طور پر استعمال کر رہے ہیں اور بین الاقوامی برادری کو ان خطرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کی فوری ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا: ’انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز دہشت گرد اور عسکریت پسند گروہوں کے پروپیگنڈہ، بنیاد پرستی اور سازشی نظریات پھیلانے کے لیے طاقت ور ٹولز میں تبدیل ہو چکے ہیں جن کا مقصد معاشروں کو غیر مستحکم کرنا ہے۔‘

جے شنکر نے دہشت گرد گروپوں اور ایسی تنظیموں کی جانب سے ڈرون جیسے بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کے استعمال سے بڑھتے ہوئے خطرے پر بھی روشنی ڈالی اور انہیں دنیا بھر کی سکیورٹی ایجنسیوں کے لیے ایک چیلنج قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’افریقہ میں دہشت گرد گروپوں کی جانب سے ڈرون کا استعمال سکیورٹی فورسز اور یہاں تک کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے کیا جاتا ہے جس سے وہ دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔‘

برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے بغیر پائلٹ کے فضائی پلیٹ فارمز کے خطرات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نظام کو دہشت گردی، اموات اور تباہی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’اس وقت ڈرونز کا استعمال اہم قومی انفراسٹرکچر اور یوکرین پر روس کے وحشیانہ حملے میں شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

’یہی وجہ ہے کہ ہم نے تین ایرانی فوجی کمانڈروں اور ایک ایرانی کمپنی پر پابندی عائد کی ہے جو ڈرون کی سپلائی میں ملوث ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اقوام متحدہ کی یہ خصوصی کانفرنس جمعے کو انڈیا کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں شروع ہوئی جو 2008 میں خود ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کا شکار بنا تھا۔

جے شنکر نے کہا کہ انڈیا کو کچھ معاملات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کارروائی کرنے میں ناکامی پر افسوس ہے۔

وہ چین کا نام لیے اقوام متحدہ کی طرف سے دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد انتہا پسند گروپ جیش محمد کے رہنماؤں کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کو روکنے کے فیصلے کا حوالہ دے رہے تھے۔

انڈیا اور امریکہ نے اس سال کے آغاز میں ان تنظیموں پر پابندیوں کا مطالبہ کیا تھا۔

چین نے تکنیکی بنیادوں پر اسے یہ کہتے ہوئے رد کر دیا کہ اسے ان کے کیسز کا مطالعہ کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا