’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ سب سے زیادہ کمانے والی پنجابی فلم

فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر عمارہ حکمت کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے اپنی ریلیز کے چوتھے ہفتے میں دنیا بھر میں اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن کر ایک اور ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ فلم کے ہیرو فواد خان اور ہیروئن ماہرہ خان کا ایک انداز (انسٹاگرام)

پاکستان میں پنجابی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بنانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ فلم اب تک ملک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن گئی ہے۔ اس فلم نے گذشتہ چار ہفتوں میں سات اعشاریہ آٹھ ملین ڈالر کما لیے ہیں۔

فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر عمارہ حکمت کی جانب سے لاہور میں جاری کی گئی ایک پریس ریلیز کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے اپنی ریلیز کے چوتھے ہفتے میں دنیا بھر میں اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن کر ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم نے تمام پنجابی ہٹ فلموں کی زندگی بھر کی کمائی کو کامیابی کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن میں ’کیری آن جٹا 2،‘ ’سونکن سونکنے‘ اور ’چل میرا پت 2‘ شامل ہیں کیونکہ یہ دنیا بھر میں 172 کروڑ سے زائد کی باکس آفس کمائی کے ساتھ بلند ہے۔

اس سے پہلے یہ فلم کئی دوسرے ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب ہو چکی ہے اور اس کے نام بہت سے ٹائٹل ہیں جن میں، سب سے زیادہ کمانے والی پاکستانی فلم، سال 2022 کے لیے برطانیہ میں برصغیر کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم اور ناروے میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی جنوبی ایشیائی فلم شامل ہیں۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 13 اکتوبر 2022 کو عالمی سطح پر 25 مختلف خطوں میں 500 سے زائد سکرینوں کے ساتھ ریلیز کیا گیا تھا، جو اسے پاکستان سے باہر آنے والی سب سے بڑی ریلیز میں سے ایک بناتا ہے۔

تاہم زیادہ ڈیمانڈ کی وجہ سے فلم مقامی اور بیرون ملک دونوں مارکیٹوں میں زیادہ سکرین حاصل کرتی ہے۔ یہ فلم حال ہی میں فرانس میں بھی ریلیز ہوئی ہے اور اس مارکیٹ میں زبردست پذیرائی کی منتظر ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے نئے معیارات قائم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور اس کے نام پہلے ہی متعدد ریکارڈز ہیں کیونکہ اس نے ملک کے سینیما کو 200 کروڑ کے کلب میں دوڑایا ہے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بلال لاشاری کی ہدایت کاری کا فن ہے۔ اب تک کے میڈیا میں اس فلم کے ریویز بھی مثبت سامنے آئے ہیں۔

اسلام آباد میں فلم دیکھنے والے ایک شہری عبداللہ نے بتایا کہ انہیں فلم بہت پسند آئی کیونکہ اس کے بنانے میں بظاہر کافی محنت کی گئی تھی۔ ’ایک تخیلاتی ماحول میں بنائے گئے سیٹ سے اس فلم کے دوران آپ کی توجہ کم نہیں ہوتی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس فلم میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ اور فارس شفیع کے ساتھ شفقت چیمہ، نیئر اعجاز، ریشم، بابر علی اور راحیلہ آغا جیسے تجربہ کار اداکاروں نے کام کیا ہے۔

انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت عمارہ حکمت کی طرف سے پروڈیوس کردہ یہ فلم بلال لاشاری کے سکرین پلے اور ناصر ادیب کے مکالموں کے ساتھ 1979 کی کلٹ کلاسک ’مولا جٹ‘ کا ہارڈ ریبوٹ ہے۔

اس فلم میں جیو فلمز نے بطور پارٹنر شراکت کی ہے، جو سب سے بڑا میڈیا گروپ ہے اور پاکستان میں سینیما کی بحالی میں کلیدی شراکت دار ہے۔

اس فلم کے پاکستان میں ڈسٹری بیوٹرز مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ ہیں، جو کئی دہائیوں سے سینیما میں اپنی شراکت کے لیے مشہور ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے تقسیم کی جا رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم