کپتان کے ساتھ ہر معاملے پر ایک پیج پر نہیں: شاہد آفریدی

عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بابر اعظم جتنے اچھے کھلاڑی ہیں اتنے اچھے کپتان بھی ہوں۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کے لیے بلے باز طیب طاہر اور سپنر اسامہ میر کو پہلی مرتبہ قومی سکواڈ میں شامل کر لیا۔

پاکستان کرکٹ کی عبوری سلیکشن کمیٹی نے جمعرات کو 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا۔

دونوں ٹیموں کے مابین  9، 11 اور 13 جنوری کو نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کراچی میں ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

طیب طاہر اور اسامہ میر کے علاوہ شان مسعود اور حارث سہیل کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ کامران غلام بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہونے والے فاسٹ بولر حارث رؤف کو مکمل فٹ ہونے پر سکواڈ میں جگہ ملی ہے۔

تاہم میڈیکل پینل سے مشاورت کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو فی الحال سکواڈ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

پی سی بی کو امید ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 سے قبل مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے۔

آسٹریلیا میں بگ بیش کرکٹ کے دوران انجری کے باعث پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان کو سلیکشن کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔

عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال پاکستان نے محدود ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی تاہم اس سال پاکستان کو اس طرز کی کرکٹ میں اے سی سی ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنا ہے۔

’ایشیا کپ سے قبل پاکستان کو 11 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے ہیں جہاں ہر ممکنہ آپشنز استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اسی تناظر میں شان مسعود اور حارث سہیل کی دوبارہ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

آفریدی نے بتایا کہ طیب طاہر اور اسامہ میر مستقبل کے لیے بیک اپ کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے، وہ آئندہ سیریز کی سلیکشن کے لیے زیرغور ضرور رہیں گے۔

’ہم نے کھلاڑیوں کی ریڈ اور وائٹ بال میں ورک لوڈ منیجمنٹ کو زیرغور رکھا ہے تاہم اس کے لیے ہمیں ممکنہ کھلاڑیوں کا پول بڑھانے کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے آج میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ کپتان کے ساتھ ہر معاملے میں وہ ایک پیج پر نہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں نے پہلے کہا تھا کہ ہم دونوں ایک پیج پر ہیں، لیکن ایک پیج کا مطلب یہ نہیں کہ ہر فیصلے پر پیج ایک ہے۔ کیوں کہ کپتان کا اپنا کردار ہے اور سلیکشن کمیٹی کا اپنا۔

’ہمیں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو بھی دیکھنا ہے۔ پی سی بی جو بھی مشورہ لیتا ہے وہ ہم دیتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بابر جتنے اچھے کھلاڑی ہیں اتنے ہی اچھے کپتان بھی ہوں۔ ’جو چیزیں ہم نوٹ کرتے ہیں اس کو بابرکے ساتھ ڈسکس کرتے ہیں تاکہ ان میں مزید بہتری لائی جائے۔‘

انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کے خلاف ہیں کہ لڑکے ملک میں لیگز کی جگہ باہر کھیلیں۔

بھارت میں ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا اس کرسی پر میری موجودگی سے بہت سارے لوگ ناراض ہوں گے کیوں ہر کسی کو خوش نہیں کیا جا سکتا۔

’ہم کپتان کو آپشن دے رہے ہیں، اس وقت تک نئے لڑکے کھیل چکے ہوں تو کپتان کے پاس بہت سارے آپشن ہوں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ پچز پر ٹیم کبھی نمبر ایک یا دو پر نہیں آ سکے گی اس کے لیے ہمیں باؤنسی پچز بنانا ہوں گی۔

سکواڈ:

بابراعظم (کپتان)، فخر زمان، حارث روف، حارث سہیل، امام الحق، کامران غلام، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر اور اسامہ میر

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ