شاہین آفریدی کے آنے کے بعد ان سے آگے کوئی نہ نکل سکا

2018 میں ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں ایک ایسے پاکستانی بولر نے انٹری ماری جن کے ہاتھ میں گیند دیکھ کر اب تقریباً چار سال بعد میرے سمیت کئی فینز سکون سے بیٹھ کر یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ تو پہلے اوور میں ایک وکٹ تو لے ہی جائے گا۔

شاہین آفریدی 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے (اے ایف پی/ فائل)

انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت سے ایسے بولر گزرے ہیں جن کو کم از کم بطور پاکستانی فین دیکھ کر ہمیشہ یہی سوچتے تھے کہ یہ بولر اپنے پہلے اوور میں ہمارا ایک نہ ایک بلے باز تو لے جائے گا۔

ان بولرز میں شان پولاک، چمندا واس، جواگل سری ناتھ، گلین مک گراتھ تو ہیں ہی مگر یقیناً کئی اور بھی ایسے نام ہوں گے جو آپ کے ذہن میں آ رہے ہوں گے۔

دوسری طرف پاکستان کی بات کریں تو امیدیں ہمیشہ وسیم اکرم سے ہی ہوتی تھیں کہ وہ بھی اپنے پہلے اوور میں کچھ ایسا ہی کریں گے۔

لیکن پھر 2018 میں ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں ایک ایسے پاکستانی بولر نے انٹری دی جن کے ہاتھ میں گیند دیکھ کر اب تقریباً چار سال بعد مجھ سمیت کئی فینز سکون سے بیٹھ کر یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ تو پہلے اوور میں ایک وکٹ تو لے ہی جائے گا۔

اس بولر کا نام ہے شاہین شاہ آفریدی جنہیں ستمبر 2018 میں ٹیم میں موجود ایک اور عمدہ بولر محمد عامر کی جگہ ٹیم میں پہلی بار موقع دیا گیا تھا اور انہوں نے اس موقعے سے ایسا فائدہ اٹھایا کہ آج پاکستان کیا دنیائے کرکٹ میں ان کا نام ہر زبان پر ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روہت شرما سے لے کر حالیہ ون ڈے سیریز میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ اور اب ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی شاہین شاہ آفریدی اپنے کریئر میں کئی اوپنر بلے بازوں کو اپنے پہلے ہی اوور میں واپس پویلین بھیج چکے ہیں۔

اسی بارے میں پاکستان کے لیجنڈری سپنر ثقلین مشتاق حال ہی میں کہہ چکے چکے ہیں کہ ’سب کو پتہ بھی ہے کہ اس کی گیند اندر آئے گی، یہ تیز کرے گا اور کھل کے آئے گا۔ مگر آنکھوں میں ایسی دھول جھونک دیتا ہے، ایسے ٹارگٹ پر جا کر گرتا ہے۔‘

یہی نہیں بلکہ ثقلین مشتاق نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ پہلے ہی اوور میں یہ میزائل چھوڑے گا۔‘

شاہین شاہ آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھنے کے بعد سے جس رفتار سے وکٹیں لیے جا رہے ہیں اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جس دن سے شاہین آفریدی نے ڈیبیو کیا ہے تب سے آج تک ان سے زیادہ وکٹیں کسی اور بولر نے لی ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے 2018 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک تمام فارمیٹس میں کل 204 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہین آفریدی نے اس عرصے کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں 95، ون ڈے انٹرنیشنلز میں 62 اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 47 وکٹیں لی ہیں۔

کرکٹ کی انٹرنیشنل رینکنگ کی بات کی جائے تو اس وقت شاہین آفریدی ون کرکٹ میں چھٹے، ٹیسٹ میں پانچویں اور ٹی ٹوئنٹی میں دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

ایسا نہیں کہ شاہین شاہ آفریدی کے انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے کے بعد سے دنیا میں کوئی اچھا بولر ہی نہیں ہے مگر جیسا کہ بہت سے مبصر اکثر کہہ چکے ہیں کہ ’ہی از ٹو گڈ‘۔

اسی عرصے کے دوران دیگر بولر کو دیکھا جائے تو ان میں آپ کو بڑے نام جیسے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، ٹم ساؤدی، مچل سٹارک اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔

اب دعا یہی ہے کہ شاہین آفریدی جو اور جیسا کر رہے ہیں ویسا ہی کرتے رہیں کیوں کہ ایک طویل عرصے بعد پاکستانی فینز اطمینان اور یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ سامنے بلے باز کوئی بھی ہو یہ بولر پہلے ہی اوور میں ایک نہ ایک وکٹ تو لے ہی جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ