بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں میسر سہولیات کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی جس میں بتایا گیا ہے کہ بشری بی بی کو کشادہ کمرے کے ساتھ منسلک باتھ روم، کچن، روم کولر اور ایل سی ڈی ٹی وی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بشری بی بی کی اہل خانہ، دوسروں اور وکلا سے بغیر کسی رکاوٹ ملاقات کروائی جا رہی ہے اور انہیں جیل میں الگ کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے جہاں چہل قدمی کی بھی گنجائش ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق: ’اڈیالہ جیل میں خاتون میڈیکل ایگزامنر دستیاب ہے، بشری بی بی کا دن میں دو بار طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ انہیں گدا، کرسی، ٹیبل اور کتابوں کی الماری بھی فراہم کی گئی ہے، بشری بی بی کے کمرے میں لائٹ اور پنکھا موجود ہے، موسم گرما میں روم کولر فراہم کیا گیا ہے، بشری بی بی کے لیے جیل میں ایل سی ڈی کی سہولت بھی موجود ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
رپورٹ میں کہا گیا کہ ’بشری بی بی کو جیل میں علیحدہ کچن کی صورت میں کوکنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے، بشری بی بی کے کھانے کا پہلے میڈیکل آفیسر معائنہ کرتا ہے، بشری بی بی کو کموڈ، واش بیسن اور باتھ شاور کے لیے الگ روم دیا گیا ہے۔‘
بشری بی بی کی جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے گذشتہ سماعت پر بشری بی بی کے وکیل کی استدعا پر جیل انتظامیہ سے سہولیات کی بابت استفسار کیا تھا۔
منگل کے روز ہونے والی سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل آفس نے جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔
عدالت نے جیل سہولیات سے متعلق رپورٹ درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے بشری بی بی کے وکلا عثمان گل اور ظہیر عباس سے کہا کہ آپ رپورٹ دیکھ لیں آئندہ سماعت پر اپنا موقف پیش کریں۔
عمران خان کی اڈیالہ جیل میں سہولیات
گذشتہ برس اکتوبر میں عمران خان کو اڈیالہ جیل میں میسر سہولیات کے حوالے سے بھی رپورٹ منظر عام پر آئی، جس میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی دی جاتی ہے، بی کلاس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا الگ سے پکانے کے لیے قیدی کک فراہم کیا گیا ہے، پروفیشنل قیدی کک ان کا ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا ان کی مرضی سے تیار کرتا ہے۔
جیل حکام نے مزید بتایا کہ ’عمران خان ناشتے میں کافی، چیہ سیڈ، چقندر کا جوس، دہی، چپاتی، بسکٹ اور کھجوریں استعمال کرتے ہیں۔
دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سلاد، گرین ٹی، مٹن کھاتے ہیں جبکہ بانی پی ٹی آئی رات میں دلیہ، ناریل، ناریل ،کا جوس اور انگور وغیرہ کھاتے ہیں۔‘
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، جیل میں متعین ڈاکٹر عمران خان کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایل سی ڈی ٹی وی اور اخبار بھی میسر ہے۔ اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ورزش کرتے ہیں، بی کلاس میں بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں۔