’ہلاکت خیز‘ دوا اداکار کیانو ریوز کے نام سے منسوب

سائنس دانوں نے کہا ہے کہ ’مالیکیولز کا یہ گروپ اس موثر انداز سے مارتا ہے کہ ہم نے ان کا نام ہالی وڈ اداکار کیانو ریوز کے نام پر رکھ دیا کیونکہ وہ بھی اپنے کرداروں میں انتہائی خطرناک ہیں۔ ‘

کیانو ریوز نے کئی فلموں میں ایک ایسے خطرناک شخص کے کردار ادا کیے ہیں جو اپنے دشمنوں پر قہر بن کر ٹوٹتا ہے (اے ایف پی)

نئی تحقیق کے مطابق پودوں اور انسانوں میں بیماریوں کا سبب بننے والی پھپھوندی کے خلاف موثر، ایک قدرتی جراثیم کش پروڈکٹ کا نام ہالی وڈ اداکار کیانو ریوز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

جرنل آف دی امریکن کیمیکل سوسائٹی میں حال ہی میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح سوڈموناس قسم کے بیکٹیریا کی تیار کردہ ’کیانومائسین‘ کا قدرتی پروڈکٹ گروپ، پودوں کے کیڑوں کے خلاف کام کرتا ہے۔

جرمنی کے لائبنز انسٹی ٹیوٹ فار نیچرل پروڈکٹ ریسرچ اینڈ انفیکشن بائیولوجی کے محققین کا کہنا ہے کہ مالیکیولز کا یہ گروپ اس قدر موثر انداز سے مارتا ہے کہ ہم نے ان کا نام ہالی وڈ اداکار کیانو ریوز کے نام پر رکھ دیا کیونکہ وہ بھی ’اپنے کرداروں میں انتہائی خطرناک ہیں۔‘

سائنس دانوں نے دیکھا کہ کیانومائسین نامی اجزا پودوں کے کیڑے بوٹرائیٹس سینیریا کے خلاف ’موثر‘ طریقے سے کام کرتے ہیں جو گرے مولڈ روٹ (پھپھوندی) کا سبب بنتے ہیں اور ہر سال فصل کو بہت زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔

اس سے قبل ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ پھپھوندی ہر سال پھلوں اور سبزیوں کی کاشت میں فصل کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے جس سے 200 سے زائد مختلف اقسام کے پھل اور سبزیاں خاص طور پر سٹرابیری اور کچےانگور متاثر ہوتے ہیں۔

مطالعات سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ کیانومائسین مالیکیولز میں فعال اجزا انسانوں کے لیے خطرناک پھپھوندی کی نشوونما کو روک سکتے ہیں جیسا کہ کینڈیڈا البیکنز (پھپھوندی کی ایک قسم) میں۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ’مالیکیولز کا یہ گروپ، حشرات کش کیمیائی دواؤں کا ’ماحول دوست متبادل‘ ثابت ہو سکتا ہے اور ادویات کے خلاف مزاحمت کرنے والی پھپھوندی کے خلاف جنگ میں متبادل بھی پیش کر سکتا ہے۔

تحقیق کے شریک مصنف سیبسٹین گوٹز نے ایک بیان میں کہا کہ ’انسان کو بیمار کرنے والی بہت فنگس اب اینٹی فنگل ادویات کے خلاف مزاحمت کر رہی ہیں۔ جزوی طور پر اس کی وجہ یہ ہے کہ ایسی ادویات زراعت کے اندر بڑی مقدار میں استعمال ہوتی ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سوڈوموناس کے بیکٹیریا کے مرکبات کے اثرات کا تجزیہ کرنے والے محققین کو معلوم ہوا کہ ان میں سے بہت سے بیکٹیریا کی اقسام امیبا کے لیے ’بہت زہریلی‘ ہیں جو بیکٹیریا کو کھاتی ہیں۔

اب سائنس دانوں نے سوڈوموناس بیکٹیریا کے جینوم میں اے، بی اور سی لیبل والی مصنوعات کے نئے دریافت شدہ کیانومائسین گروپ کے جینز دریافت کیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی پروڈکٹس لیپوپیپٹائڈ مالیکیولز کی ایک کلاس سے تعلق رکھتی ہیں جن میں ’صابن جیسی خصوصیات‘ ہیں۔

سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ کیانومائسین، ہائیڈرینجیا کے پتوں پر گرے مولڈ روٹ کے خلاف مؤثر تھا، جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ قدرتی پراڈکٹ حشرات کش کیمیائی دواؤں کا ممکنہ طور پر ماحول دوست متبادل ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹرسیبسٹین گوٹز کا کہنا ہے، ’مطالعاتی طور پر سوڈموناس ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے کیانومائسین پر مشتمل سپرنیٹنٹ کو پودوں کے لیے براہ راست استعمال کیا جا سکتا ہے۔‘

جب محققین نے انسانوں کو متاثر کرنے والی پھپھوندی کے خلاف قدرتی مصنوعات سے مختلف مادوں کا تجربہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ بیماری پیدا کرنے والی فنگس کینڈیڈا البیکنز کی نشو و نما کو ’سختی سے روک دیتا‘ ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ تازہ ترین نتائج اس ممکنہ قدرتی پروڈکٹ کے طریقۂ عمل پر مزید روشنی ڈالتے ہیں، اور ممکنہ طور پر ’انسانوں اور زراعت میں استعمال ہونے والی اینٹی فنگل ادویات کو بہتر بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس