کرسٹیانو رونالڈو نے جمعے کو شام سے تعلق رکھنے والے ایک بچے نبیل سعید سے ملاقات کی ہے، جس نے فروری میں تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں سے خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ سٹار فٹ بالر سے ملنا چاہتے ہیں۔
نبیل کو سعودی عرب میں النصر کلب کا میچ دیکھنے کی دعوت دی گئی، جس کا رونالڈو حصہ ہیں۔
نبیل نے گذشتہ ماہ ترکی اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں امدادی کارکنوں سے اپنی خواہش ظاہر کی تھی۔
زلزلے کے نتیجے میں 50 ہزار سے زائد افراد فوت ہو چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شام میں اموات کی تعداد پانچ ہزار 900 سے زائد ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میچ سے قبل نبیل نے مسکراتے ہوئے پرتگال کے کھلاڑی سے مختصر ملاقات کی اور انہیں گلے سے لگایا۔
نبیل نے بتایا، ’جب میں نے رونالڈو کو دیکھا تو مجھے لگا کہ یہ ایک خواب ہے۔ مجھے خود پر یقین نہیں تھا۔ یہ خواب کب ختم ہوگا، مجھے معلوم نہیں تھا، اللہ سے میری دعا ہے کہ یہ ایک خواب نہ ہو۔'
النصر فٹبال کلب نے ریاض میں البطین کو 3-1 سے شکست دی اور سعودی پرو لیگ میں دو پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی۔ نبیل نے میچ کے دوران رونالڈو اور فٹبال کلب النصر کی حوصلہ افزائی کی۔
نبیل نے کہا، 'میری خواہش ہے کہ ہر کوئی رونالڈو کو دیکھے۔ وہ بہت اچھے انسان ہیں۔'