سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل فاکس نیوز کو بتایا ہے کہ جو بائیڈن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ہاتھ نہ ملا کر ان کی توہین کی تھی۔
گذشتہ ہفتے نیویارک کی ایک عدالت میں خود پر فردِ جرم عائد ہونے کے بعد پہلا انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی رات میزبان ٹکر کارلسن کو بتایا کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن نے فرانس اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب کر لیے ہیں۔ ’آپ سعودی عرب کو دیکھیں۔ دیکھیں کیا ہوا۔ وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔ وہ ہماری مدد کرنا چاہتے تھے۔ یہ گئے اور ان سے مکا ملا دیا۔‘
انہوں نے کہا، ’کیا مکا ٹکرانے کا مطلب آپ سمجھتے ہیں؟ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم سے ہاتھ نہ ملائیں کیونکہ آپ کا ہاتھ گندا ہے، یہ مطلب ہے مکا ملانے کا۔ ان کی توہین کی گئی۔ آپ سمجھے اس کو؟‘
Trump: Macron over in China kissing Xi's a-- - and then Biden got fist bump from the Saudis, which means don’t shake my hand your hands are dirty pic.twitter.com/BbMiE7jJ5T
— Jack Poso (@JackPosobiec) April 12, 2023
گذشتہ سال جولائی میں امریکی صدر نے مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران جدہ میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی اور اس دوران ولی عہد سے مکا ٹکرایا تھا۔
انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے فرانس کے صدر میکروں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کے میکروں کے ساتھ اچھے تعلقات تھے مگر اب وہ چین کے ساتھ مل گئے ہیں۔
ٹرمپ نے، جو ایک بار پھر صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں، انٹرویو میں کہا کہ ان کے اقتدار سے ہٹنے کے بعد امریکہ کا دنیا میں اثر و رسوخ ماند پڑتا جا رہا ہے۔
تاہم اس انٹرویو کے بعد وائٹ ہاؤس نے کوئی خاص ردِ عمل نہیں دیا۔ ترجمان جان کربی نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ فرانس کے ساتھ زبردست دوطرفہ تعلقات سے مطمئن اور پراعتماد ہے۔‘