ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارہ تسنیم نیوز ایجنسی نے بدھ کو خبر دی ہے کہ ایک ایرانی وفد ریاض پہنچ گیا ہے تاکہ سعودی عرب میں ایرانی سفارت خانہ کھولنے پر بات چیت کی جا سکے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی وفد ریاض اور جدہ میں بالترتیب سفارت خانے اور قونصلیٹ جنرل کے قیام کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔
گذشتہ ماہ سعودی عرب اور ایران نے چین کی سہولت کاری سے ہونے والے مذاکرات کے بعد سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا، جن میں سکیورٹی تعاون، تجارت، معیشت سمیت دیگر اہم شعبے شامل ہیں۔
سعودی عرب اور ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے والی خبروں کے مطابق دونوں ممالک نے سات سال بعد تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ان مذاکرات کے بعد سعودی عرب اور ایران نے اپنے سفارتی مشن کھولنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔