’اپنی گاڑی ریوو نکالوں‘ گانے والے گلوکار پر تنقید کیوں؟

ممتاز مولائی نے چند روز قبل گانا ’اپنی گاڑی ریوو نکالوں، ساتھ میں جانا تجھ کو بٹھالوں، مچھلی پلا کھلاؤں تجھے سندھو دریا کے کنارے‘ ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا تو گانا راتوں رات وائرل ہوگیا۔ 

کئی چینلز اور یوٹیوبرز نے اس گانے کی بعد ممتاز مولائی کے انٹرویوز کیے (ممتاز مولائی فیس بک)

حالیہ دنوں میں وائرل گانا ’اپنی گاڑی ریوو نکالوں‘ گانے والے سندھی زبان کے گلوکار ممتاز مولائی کو سوشل میڈیا صارفین ان کے سندھی زبان کے بارے میں دیے جانے والے بیان پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ممتاز مولائی نے چند روز قبل گانا ’اپنی گاڑی ریوو نکالوں، ساتھ میں جانا تجھ کو بٹھالوں، مچھلی پلا کھلاؤں تجھے سندھو دریا کے کنارے‘ ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا تو گانا راتوں رات وائرل ہوگیا۔ 

اس گانے پر کئی سوشل میڈیا پر میمز (مذاق) بھی بنائے گئے۔ پاکستانی اور حتیٰ کہ دیگر ممالک کے ٹک ٹاکرز نے اس گانے کے بول پر ٹک ٹاک بنائے۔

سوشل میڈیا پر اس گانے کے بول پر ترکی کی ٹک ٹاکر کی ویڈیو بھی دیکھی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو جب گرفتار کرکے بڑی گاڑی میں لے جایا جا رہا تھا تو اس ویڈیو پر اس گانے کے بول والی میم بھی وائرل ہوگئی۔ 

کئی چینلز اور یوٹیوبرز نے اس گانے کی بعد ممتاز مولائی کے انٹرویوز کیے۔ گورنر سندھ کامران ٹسوری نے بھی ممتاز مولائی سے ملاقات کی۔ 

راتوں رات شہرت پانے والے گلوکار ممتاز مولائی پر تنقید اس وقت شروع ہوئی جب دو روز قبل ایک نجی  ٹی وی کے مارننگ شو میں انہیں یہ کہتے سنا گیا کہ ’میں نے اردو میں گانا گا کر محبت کا پیغام دیا ہے۔ کافی سندھی گانے ایسے ہیں جو نفرت پھیلاتے ہیں۔‘

ممتاز مولائی کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ 

عبدالسلام نامی صارف نے سندھی میں فیس بُک پوسٹ میں لکھا: ’ایک ٹی وی چینل نے ان کا انٹرویو کیا لیا کہ ممتاز مولائی اپنی اوقات سے نکل گئے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ سندھی زبان نفرت پھیلانے والی زبان ہے۔‘

صحافی ظفر ہکڑو نے فیس بک پوسٹ میں لکھا : ’ہم نہ جانے کیوں اتنی امید لگاتے ہیں کہ کوئی ساری دنیا کے مسائل حل کردے گا۔ ممتاز مولائی نچلے طبقے کا ایک غریب شخص ہے۔ انہوں نے ساری زندگی اردو میں بات نہیں کی۔ چینل پر وہ جو بول رہے ہیں خود نہیں سجھ رہے۔ ان سے انقلاب کی امید کیوں رکھتے ہیں؟‘

دادلو نامی صارف نے ٹویٹ کی: ’ممتاز مولائی نے ان پڑھوں جیسا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ پہلی بار نہیں ہوا کیسی نے ایسا کیا۔ یہ سندھیوں کی بدنصیبی ہے کہ جس کو بھی عزت دی انہوں نے بعد میں ڈسا۔‘ 

سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد گلوکار ممتاز مولائی نے ویڈیو پیغام میں معافی مانگ لی۔

ویڈیو میں ممتاز مولائی نے کہا: ’میں نے کبھی سندھ سے نفرت کا اظہار نہیں کیا۔ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معافی مانگتا ہوں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ