نوجوان گلوکارہ آئمہ بیگ کا نام اس وقت پاکستان میں موسیقی کے بڑے ناموں میں سے شمار کیا جاتا ہے، خاص کر کوک سٹوڈیو میں ان کے گانے بہت پسند کیے گئے۔
جمعے کی شب اچانک نظر یوٹیوب پر ریلیز ہونے والے آئمہ بیگ کے نئے گانے ’پیار ہوا تھا‘ پر پڑی تو خیال آیا کہ لیاری کے بلوچ گلوکار کیفی خلیل کا گانا آئمہ بیگ نے کیسے ’کور‘ کر لیا، تو سوچا ان سے اس پر بات تو کرنی چاہیے۔
ہفتے کی دوپہر تک ان کا گانا یوٹیوب پر بیسویں نمبر پر ٹرینڈ کرنے لگا، تو سوچا کہ موقع اچھا ہے، آئمہ مان گئیں تو انٹرویو کی تیاری کرتے ہیں۔
ہم کمرے میں لائٹس اور کیمرا سیٹ کرکے بیٹھ گئے، مقررہ وقت پر آئمہ بیگ اپنے لبوں پر مسکراہٹ سجائے آئیں اور کہا، ’بھئی بورنگ انٹرویو مت کیجیےگا۔‘
پہلا سوال ہی یہ تھا کہ کیا یہ گانا کیفی خلیل کی اجازت سے گایا اور بنایا، انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے آئمہ بیگ نے بتایا کہ ان کا نیا گانا ’پیار ہوا تھا‘ انہوں نے کیفی خلیل سے باقاعدہ اجازت لے کر ہی گایا ہے۔
’میری امی نے مجھے بچپن ہی سے بہت تمیز سکھائی ہے، اس لیے میں نے پوچھ کر ہی گایا ہے۔
’میں نے کیفی خلیل سے جب پوچھا کہ مجھے یہ گانا خود گانا ہے تو انہوں نے خوشی سے اجازت دی کیونکہ وہ خود بھی سننا چاہتے تھے۔‘
آئمہ بیگ نے اس گانے کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ ان کا دل ٹوٹا تھا (اگرچہ اب جڑگیا ہے)، تو اس وقت کیفی خلیل کے اس گانے نے ان کے دل کو جوڑنے میں کافی مدد کی تھی۔
آئمہ نے اس بارے میں مزید بتاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک گانا بناتے ہوئے ایک رکاوٹ کا شکار تھیں، اس دوران جب کیفی کا گانا سنا تو محسوس ہوا کہ یہ تو وہی ہے جو وہ سنانا چاہتی تھیں۔ اس لیے انہوں نے وہی گانا گادیا اور اسی لڑکی کی آواز دے دی۔
آئمہ بیگ نے ہنستے ہوئے کہا: ’اب لوگ کہیں گے کہ اچھا گانا گایا ہے تو اور دل ٹوٹے، مگر اب دل جڑ گیا ہے، وہ تو ٹوٹتا جڑتا رہتا ہی ہے نا، وہ چیز ہی ایسی ہے۔‘
آئمہ کا کہنا تھا کہ ان کا دل جوڑنے موسیقی نے بڑی مدد کی اور یہ گانا 24 گھنٹے سے کم وقت میں ہی یوٹیوب پر ٹرینڈ کرنے لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ریپ میں کوئی کہانی بتائی جائے، سنائی جائے، وہی اسے منفرد بناتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا کہ پہلے انہیں پلے بیک گانے کا شوق تھا، اب وہ پورا ہوگیا ہے بس اب اورجنل گانے گانے کا زیادہ دل کرتا ہے۔
آئمہ نے مزید بتایا کہ انہوں ڈانس کرنے کا کافی شوق ہے، بہنوں کی شادیوں پر بھی کیا اور اپنی ہی میوزک ویڈیوز میں بھی جب موقع ملا کیا، لیکن بڑی سکرین پر اداکاری کے لیے اگر کوئی کردار پسند آگیا تو اس کے لیے ’ٹھمکا‘ بھی لگ ہی جائے گا۔
ان دونوں سوشل میڈیا پر فنکاروں کی نجی زندگی کی تفصیلات آنے اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والے مسائل کا شکار ہونے والے فنکاروں کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لوگ انہیں ’سلیبرٹی‘ سمجھتے ہیں اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے جذبات نہیں ہوتے۔
’لوگوں کو سمجھنا ہوگا کہ ہم بھی انسان ہیں اور ہم بھی غم و پریشانی کا شکار ہوتے ہیں‘۔
آئمہ بیگ نے کہا کہ وہ ہر بات دل پر لے لیا کرتی تھیں، مگر اب بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔