صحافتی تنظیم پی ایف یو جے کی پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل کی سخت مذمت 

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے ایک بیان میں دورے کو ’صحافتی اخلاقیات اور آزادی صحافت کی سنگین خلاف ورزی اور انسانی حقوق کے عالمی جدوجہد سے غداری قرار دیا ہے۔‘

آٹھ نومبر 2023 کو کراچی میں پاکستانی صحافی، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا شکار صحافیوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں (عرب نیوز)

پاکستان میں صحافیوں کی تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے منگل کو پاکستانی صحافیوں کے ایک گروپ کے حالیہ دورہ اسرائیل کی سخت مذمت کی ہے۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے ایک بیان میں دورے کو ’صحافتی اخلاقیات اور آزادی صحافت کی سنگین خلاف ورزی اور انسانی حقوق کے عالمی جدوجہد سے غداری قرار دیا۔‘

بیان کے مطابق پی ایف یو جے نے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ملک کی معروف میڈیا شخصیات پاکستان کی اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی سرکاری پالیسی اور حکومت کی جانب سے ایسے دوروں پر عائد پابندی کے باوجود وہاں کیسے گئیں۔

تنظیم نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس دورے کے پس منظر کے بارے میں مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائے کہ یہ صحافی کس طرح اور کیوں اسرائیل گئے کیوں کہ ایسے دورے پاکستان کے طویل عرصے سے جاری سفارتی مؤقف سے واضح متصادم ہیں۔

بیان میں اس اقدام کو ان صحافیوں کی توہین قرار دیا گیا جنہوں نے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے جنگ زدہ علاقوں میں اپنی جانوں کا خطرہ مول لیا، یا اپنی جانیں قربان کر دیں۔ 

بیان میں واضح کیا گیا کہ اسرائیل اب تک 150 سے زائد صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کو قتل کر چکا ہے جس کی وجہ سے وہ آزادی صحافت کے معاملے میں دنیا کی سب سے خطرناک جگہوں میں سے ایک بن چکا ہے۔ 

’ایسے وقت میں پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل سے ان اموات کو جائز ٹھہرانے کے خطرہ پیدا ہوا۔‘

پی ایف یو جے نے کہا کہ یہ دورہ ان بے شمار صحافیوں کی قربانیوں کو بھی کمزور کرتا ہے جنہوں نے سچ اور انصاف کے لیے جنگ کا شکار علاقوں میں آواز بلند کی۔

’ان میں فلسطین، کشمیر، افغانستان اور دیگر خطوں میں جاری تنازعات کی کوریج کرنے والے صحافی شامل ہیں۔‘

پی ایف یو جے نے صحافتی آزادی اور اخلاقی صحافت کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا اور تمام پاکستانی میڈیا پروفیشنلز سے اپیل کی کہ وہ سچ اور انصاف کے لیے اپنی ذمہ داری پر ثابت قدم رہیں۔ 

یونین نے صحافی برادری پر زور دیا کہ وہ اُن صحافیوں سے یک جہتی کا مظاہرہ کریں جنہوں نے سچ کی تلاش میں اپنی جانیں قربان کیں، اور آزاد اور ذمہ دار صحافت کے اصولوں کو ہمیشہ بلند رکھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارچ کے وسط میں 10 افراد پر مشتمل پاکستانیوں کے ایک وفد کو تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کا دورہ کروایا گیا تھا۔

وفد میں صحافیوں اور محقیقین کے علاوہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔

دورے سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا تھا کہ ’پاکستانی پاسپورٹ پر واضح تحریر ہے کہ یہ اسرائیل کے سفر کے لیے کارآمد نہیں۔

’تکنیکی طور پر کوئی پاکستانی اس پاسپورٹ پر اسرائیل داخل نہیں ہو سکتا۔ اگر کوئی داخل ہوتا ہے تو اس کے لیے خصوصی انتظامات اس متعلقہ ریاست کی جانب سے کیے گئے ہوں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ماضی میں دوہری شہریت رکھنے والوں نے اسرائیل کا دورہ کیا جس میں انہوں نے پاکستان پاسپورٹ پر سفر نہیں کیا بلکہ اپنی دوسری شہریت کو استعمال کیا۔‘

28 مارچ کو کراچی پریس کلب کی مشترکہ ایکشن کمیٹی نے دورے کی مذمت کرتے ہوئے اس دورے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان