آئی فون بنانے والی امریکی کمپنی ایپل نے بالآخر پیر کو اپنا ہیڈ سیٹ متعارف کروا دیا جس کے ذریعے صارفین ورچوئل اور حقیقی دنیا دونوں کا لطف اٹھا سکیں گے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق صارفین میں میٹا جیسی کمپنیوں کی جانب سے متعارف کرائی گئی ایسی ڈیوائسز کی ناکامی کے بعد ایپل نئی فینگڈ ڈیوائسز کو مقبول بنانے کی ٹیکنالوجی کی صلاحیت کی بھی جانچ کرے گی۔
ایپل کے سی ای او ٹم کک نے کیلیفورنیا کے شہر کپرٹینو میں منعقدہ کمپنی کی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس میں اس ڈیوائس کی نقاب کشائی کی جسے ’وژن پرو‘ کا نام دیا گیا ہے۔
یہ ڈیوائس ورچوئل رئیلٹی (وی آر) اور آگمینٹڈ رئیلٹی (اے آر) کے درمیان سوئچ کرنے کے قابل ہو گی جس کے ذریعے صارفین ڈیجیٹل امیجز کے ساتھ ساتھ اب حقیقی دنیا کی چیزوں کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مکسڈ رئیلٹی ہیڈسیٹ کی رونمائی ایپل کی جانب سے 2015 میں ایپل واچ کے بعد سے سب سے اہم پروڈکٹ لانچ تھی۔
کمپنی نے کہا کہ وژن پرو کی قیمت تین ہزار499 ڈالر (تقریباً 10 لاکھ پاکستانی روپے) ہو گی اور یہ اگلے سال کے شروع میں صرف امریکہ میں دستیاب ہوگا۔
ایپل کے سی ای او ٹم کک نے لانچنگ کے موقع پر کہا کہ ’کچھ مصنوعات ایسی ہیں جو ٹیکنالوجی کو دیکھنے کے انداز کو بدلتی ہیں اور ہماری زندگیوں میں اس کے کردار کو بھی تبدیل کر دیتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہمیں یقین ہے کہ ایپل وژن پرو ایک انقلابی پروڈکٹ ہے جس میں وہ کارکردگی، وسعت اور صلاحیت ہے جسے صرف ایپل ہی فراہم کر سکتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایپل یہ پروڈکٹ برسوں سے تیار کر رہی تھی، جس میں گیمنگ، سٹریمنگ ویڈیو اور کانفرنسنگ جیسے فیچرز شامل ہیں۔
کمپنی کے ایگزیکٹوز کا اصرار ہے کہ وژن پرو ایک ایسا تجربہ پیش کرتا ہے جسے چیلنج نہیں کیا جا سکتا جیسا کہ اس سے قبل ایسی ڈیوائسز عوام کا دل جیتنے میں ناکام رہی ہیں۔
انسائیڈر انٹیلی جنس سے وابستہ تجزیہ کار یوری ورمسر نے کہا کہ اپنے حریفوں کے برعکس وژن پرو مکسڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی فراہم کرتا ہے جو صارف اور ان کے ماحول میں مطابقت پیدا کرتا ہے۔
ان کے بقول: ’میٹا کویسٹ اور دیگر ڈیوائسز صرف ورچوئل رئیلٹی پر مشتمل ہیں جب کہ وژن پرو صارف کو حال میں رکھتا ہے اور مکسڈ ریئلٹی کی خصوصیات پر زور دیتا ہے جب تک کہ وہ خود دوسرے فیچر کا انتخاب نہ کریں۔‘
وژن پرو پہننے والے ایک گھڑی کی طرح اسے موڑ سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول میں توسیع کے لیے ایک بھرپور تھری ڈی کے تجربے میں مکمل طور ڈوب جائیں، جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کسی ویڈیو یا کھیل کے میدان میں ہوں۔