پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں بھی شکست کے ساتھ ٹوور کا اختتام ہوا ہے۔
نیوزی لینڈ نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز کے چار میچ جیت کر سیریز اپنے نام کی جبکہ پاکستان کی نوجوان ٹیم صرف ایک ہی میچ جیت پائی۔
سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھی پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام رہے اور صرف 129 رنز کا ہدف ہی دے پائے۔
میزبان ٹیم نے پھر سے ٹم سائفرٹ کی جارحانہ اننگز کی بدولت صرف دس اووروں میں ہی ہدف حاصل کر لیا۔
ٹم سائفرٹ نے صرف 38 گیندوں پر 97 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اس شاندار اننگز میں 10 چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
پاکستان کی طرف سے صرف سفیان مقیم ہی دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے جبکہ سب سے مہنگے بولر جہانداد خان رہے جنہوں نے دو اووروں میں 43 رنز دیے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو وہ مقررہ اووروں میں 128 رنز ہی بنا سکے جس میں کپتان آغا سلمان نے سب سے زیادہ 51 رنز بنائے۔
نوجوان حسن نواز ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ یہ اس سیریز میں تیسرا موقع تھا جب وہ بنا کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
حیرت انگیز طور پر پاکستان کی پانچ وکٹیں نیوزی لینڈ کے سٹرائک بولرز نے نہیں لیں بلکہ وہ آل راؤنڈر جمی نیشم تھے جنہوں نے صرف 22 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
اس طرح نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم کو پانچ میں سے چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا امتحان تو ختم مگر ابھی ون ڈے ٹیم کا امتحان 29 مارچ سے شروع ہونے جا رہا ہے۔