فواد خان کے ساتھ کام کی خواہش ہے لیکن مولا جٹ نہیں دیکھی: علیزے

علیزے شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں چھ سال کی عمر میں وسیم اکرم کے ساتھ کیے گئے پہلے اشتہار کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعے کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا کہ آخر وہ انٹرویوز دینے سے اجتناب کیوں کرتی ہیں۔

فلم ’سپر سٹار‘ سے توجہ حاصل کرنے اور ڈرامے ’عہدِ وفا‘ سے شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ علیزے شاہ ان دنوں کراچی میں ایک ڈرامے کی عکاسی میں مصروف ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے حال ہی میں ڈراما سیریل ’محبت کی آخری کہانی‘ کے سیٹ پر ان سے گفتگو کی اور ان سے پوچھا کہ آخر وہ انٹرویو دینے سے اجتناب کیوں کرتی ہیں؟

علیزے شاہ نے قدرے شرمیلے سے لہجے میں بتایا: ’اداکاری کرنا اور بات ہے، لیکن جب کیمرے کے سامنے، خود علیزے شاہ بن کر بات کرنا پڑتی ہے تو مشکل لگتا ہے۔ میں نروس ہوجاتی ہوں، اس لیے میری کوشش ہوتی ہے کہ انٹرویو سے بچا ہی جائے۔‘

ایک دلچسپ بات جو انہوں نے بتائی، وہ یہ تھی کہ انہیں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے لیکن انہوں نے اب تک ’مولا جٹ‘ فلم نہیں دیکھی ہے۔

علیزے شاہ نے اپنے فنی سفر کا آغاز صرف چھ سال کی عمر میں ایک اشتہار میں وسیم اکرم کے ساتھ کام کرکے کیا تھا۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ ایک جوس کا اشتہار تھا اور انہوں نے شوق میں وہ جوس بہت زیادہ پی لیا تھا، لہذا جب عکاسی کا وقت آیا تو جوس ان کے منہ سے نکلنا شروع ہوگیا، اس واقعے کی وجہ سے انہیں یہ یاد رہا۔

علیزے نے مزید بتایا کہ چار سال بعد انہوں نے وسیم اکرم کے ساتھ دوبارہ کام کیا اور وہ تب بھی انہیں یاد تھیں، جو علیزے کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ چاہیں گی کہ وہ وسیم اکرم کے ساتھ کسی فلم میں کام کریں۔

علیزے کے مطابق انہیں اداکاری کے علاوہ گلوکاری کی جانب بھی قدم بڑھانا چاہیے اور اگر وقت ملا تو وہ لکھنے کی جانب بھی ضرور آئیں گی۔

علیزے شاہ کو 2018 میں بہترین ابھرتی ہوئی اداکارہ کا ’ہم‘ ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس بارے میں انہوں نے بتایا: ’آج تک افسوس کرتی ہوں کہ زندگی کا پہلا ایوارڈ تھا لیکن میں اسے خود وصول نہیں کرسکی۔‘

بات کو آگے بڑھاتے ہوئے علیزے شاہ نے بتایا کہ وہ رقص کی شوقین ہیں، 2021 میں لاہور میں ہونے والے ہم سٹائل ایوارڈز میں علیزے نے پہلی مرتبہ سٹیج پر پرفارم کیا تھا، اس تقریب میں وہ علی ظفر کے ساتھ تھیں۔

انہوں نے علی ظفر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بہت تعاون رہا۔

فلموں میں کام کرنے اور خصوصاً رقص کے بارے میں علیزے نے کہا کہ وہ اس جانب چند سال بعد آئیں گی کیونکہ وہ ابھی کافی کم عمر ہیں۔

بقول علیزے: ’اس جون میں، 21 سال کی ہوگئی ہوں، ابھی زندگی پڑی ہے تو جلدی کیا ہے۔‘

علیزے شاہ نے اپنے نئے ڈرامے کے حوالے سے کہا کہ وہ اس میں ایک ’باغی لڑکی‘ کا کردار کر رہی ہیں۔

اس بارے میں ان کا کہنا تھا: ’شاید باغی نہیں بلکہ اپنے حقوق کے لیے قدم اٹھانے میں فرق ہوتا ہے اور یہ ڈراما لڑکیوں کو یہ پیغام بھی دے گا کہ اپنے لیے صحیح طریقے سے قدم کیسے اٹھانا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

علیزے کے مطابق ڈرامے کی تفصیلات تو لوگ بعد میں دیکھیں گے، لیکن پاکستان کے حالات جیسے ہیں، ایسے میں اس قسم کے ڈراموں کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

ڈراما ’عہد وفا‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے علیزے نے کہا کہ اس وقت انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ اتنا بڑا پروجیکٹ ہے، ’کبھی کبھی دل میں آتا ہے کہ کاش وقت واپس لوٹ جائے اور اس کا مزہ ایک بار پھر مل جائے۔

’میں نے تو فوج اس لیے جوائن نہیں کی کیونکہ پھر اداکاری چھوڑنی پڑتی۔ وردی پہن کر مزہ بھی آیا اور کافی اعزاز بھی محسوس ہوا کیونکہ ہر ایک کو ایسا موقع نہیں ملتا ہے۔‘

2019 میں علیزے شاہ نے ماہرہ خان کے ساتھ ایک فلم ’سپر سٹار‘ میں کام کیا تھا، جس میں وہ ان کی چھوٹی بہن کا کردار کررہی تھیں۔

فلم کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ابتدا میں وہ کردار کرنا نہیں چاہتی تھیں کہ وہ اس وقت صرف 16 سال کی تھیں اور گھر والے بھی منع کررہے تھے لیکن مومنہ درید کے سمجھانے پر وہ راضی ہوگئی تھیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وہ آئندہ چند سال تک فلم کرنے کے بارے میں نہیں سوچ رہی ہیں۔

فلم ’سپر سٹار‘ میں ماہرہ خان کا ایک ڈانس نمبر تھا مگر علیزے شاہ کو کسی نے رقص کرتے نہیں دیکھا۔ اس حوالے سے علیزے نے کہا: ’ابھی تو انہیں والدین کی جانب سے اس کی اجازت نہیں ہے، چند سال بعد۔‘

پاکستانی فنکاروں کو سوشل میڈیا پر جس قسم کی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس بارے میں علیزے نے کہا کہ اسے نظر انداز کرنا سیکھنا ہوگا، چند لوگ تعریف کرتے ہیں اور کچھ برائی تو تعریف کرنے والوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے اور اعتماد میں کمی آجاتی۔

انہوں نے کہا: ’اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پاکستان کی پوری قوم آج کل دباؤ کا شکار ہے اور اس وجہ سے وہ اداکاراؤں کو وہ احترام نہیں دے رہی، جو ان کا حق ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم