فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی اورانٹرنیشنل گوٹ اینڈ بلز ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ہر سال عید الاضحی سے قبل قربانی کے جانوروں کے وزن اور خوبصورتی کے مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔
ان مقابلوں میں پاکستان بھر سے قربانی کے جانور پالنے کے شوقین افراد حصہ لیتے ہیں۔
اس سلسلے میں 16 جون کو زرعی یونیورسٹی میں بکروں، چھتروں، ٹیڈی بکروں، اونٹوں اور بچھڑوں کی الگ الگ کیٹیگریز میں وزن اور خوبصورتی کےمقابلے ہوئے۔
ہیوی ویٹ بکروں کے مقابلے میں لاہور کے احسن ہاشمی کے بکرے یومن نے 309 کلوگرام وزن کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن بھی ان کے بکرے بھولا نے حاصل کی جس کا وزن 290 کلوگرام تھا۔
تیسری پوزیشن فیصل آباد کے رہائشی فیصل جاوید کے بکرے سلطان کے حصے میں آئی جس کا وزن 195 کلو گرام تھا۔
چھتروں کی کیٹیگری میں گوجرانوالہ کے فرخ اعجاز کے چھترے مستانہ نے 161 کلوگرام وزن کے ساتھی پہلی جبکہ ٹیڈی بکروں کی کیٹیگری میں ان کے ٹیڈی بکرے مٹھو نے 120 کلو گرام وزن کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اونٹوں کے وزن کے مقابلوں میں لاہور کے رہائشی محمد محسن کے اونٹ شیر پنجاب نے 2750 پاونڈ وزن کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ بھکر کے رہائشی حاجی اللہ بخش کے اونٹ نے 2655 پاونڈ کے ساتھ دوسری اور فیصل آباد کے محمد احسن کے اونٹ شیر دل نے 2606 پاونڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بچھڑوں کی کیٹیگری میں گوجرانوالہ کے فرخ اعجاز کے بچھڑے قربان مجتبی نے 3180 پاونڈ کے ساتھ پہلی اور شیر دل نے 2720 پاونڈ وزن کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ فیصل آباد کے احسن کا بچھڑا سلطان 2410 پاونڈ وزن کے ساتھ تیسرے نمبر پر آیا۔
ہیوی ویٹ بکرے کا ٹائٹل جیتنے والے ’ہیومن‘ کے مالک محمد عثمان نے انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں پہلی مرتبہ انہوں نے اس مقابلے میں حصہ لیا تھا۔
’میرے بڑے بھائی احسن ہاشمی صاحب اور ہماری الحمداللہ پوری ایک ٹیم ہے۔ 2019 میں ہماری پہلی انٹری تھی تب بھی ہم پہلے نمبر پر آئے تھے اور اب 2023 ہے اللہ پاک نے دوبارہ عزت سے نوازا ہے۔ 2020 میں ہمارا بکرا دوسرے نمبر پر آیا تھا۔‘
ہیوی ویٹ چھترے مستانہ اور ہیوی ویٹ ٹیڈی بکرے مٹھو کے مالک فرخ اعجاز نے انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے قربانی کے جانوروں کو سبز چارہ، گندم ، دودھ، دہی، دیسی گھی اور چنے وغیرہ کھلاتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’ہم دو سال سے ان کی خدمت کر رہے ہیں۔ یہ میرے قربانی کے جانور ہیں اور میں آٹھ، نو سال سے اس مقابلے میں حصہ لے رہا ہوں۔‘
ہیوی ویٹ اونٹ کا ٹائٹل جیتنے والے محمد محسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ اونٹ تقریبا ایک ماہ پہلے بھکر سے خریدا تھا۔
’اس کی وزن میں پہلی پوزیشن ہے اورمقابلہ حسن میں یہ سکینڈ آیا ہے۔ اس کا 2750 پاونڈ وزن ہوا ہے۔ اس کا نام ’براق‘ ہے لیکن پیارے سے اسے ہم شیر پنجاب کہتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ کئی لوگ ان سے یہ اونٹ بھاری قیمت پر خریدنے کے لئے رابطہ کر چکے ہیں لیکن وہ اسے فروخت کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔
’یہ اس وقت انمول ہو چکا ہے۔ پہلی بات میں نے نیت کر لی ہوئی ہے کہ اسے اللہ کی راہ میں دینا ہے تو اس کی کوئی قیمت نہیں ہے۔‘
گوجرانوالہ کے فرخ اعجاز نے ہیوی ویٹ بچھڑے کا ٹائٹل جیتنے والے اپنے بچھڑے قربان مجتبی کے بارے میں بتایا کہ وہ گزشتہ دو سال سے اسے مقابلے میں شرکت کے لیے تیار کر رہے تھے۔
’سردیوں میں ان کے لیے ہیٹنگ کا بندوبست کرتے ہیں اور گرمیوں میں ان کے لیے چلر اور ایئر کولر وغیرہ کا بندوبست کرتے ہیں۔ ان کو دودھ، دہی، مکھن، دیسی گھی سردیوں میں دیتے ہیں اور لسی دیتے ہیں گرمیوں میں۔ اس کے بعد انہیں دودھ بھی پلاتے ہیں گرمیوں میں۔ اس کے بعد انہیں گرمیوں میں مربہ جات دیتے ہیں اور مکھن بھی کھلاتے ہیں ان کو۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح گوجرانوالہ میں پہلوانوں کی خدمت کی جاتی ہے ایسے ہی وہ اپنے بچھڑوں کی خدمت کرتے ہیں۔