شیخوپورہ: شدید گرمی میں چھت پر بیٹے کو باندھنے والا باپ گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی وہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ٹیم کے ساتھ مل کر 10 سالہ بچے کو بچانے پہنچے، جس کے گلے میں لوہے کی زنجیر تھی۔

اس واقعے کی ایف آئی آر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو شیخوپورہ کے فوکل پرسن خضر حیات خان کی مدعیت میں متاثرہ بچے کے والد کے خلاف درج کر لی ہے (محمد شاہد خان)

شیخوپورہ تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے علاقے رسول ٹاؤن میں ایک شخص نے اپنے نابالغ  بیٹے کو گھر کی چھت پر سخت دھوپ میں لوہے کی زنجیر سے باندھ کر قید کر دیا، جس کے بعد پولیس نے ان کو گرفتار کرلیا۔ 

تھانہ ہاؤسنگ کالونی کے ایس ایچ او عمران خالد کے مطابق پولیس کو ہفتے کی شام ساڑھے چار بجے اطلاع ملی کے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک بچے کے گلے میں آہنی زنجیر ڈال کر اور اس پر ایک موٹا تالا لگا کر کڑی دھوپ میں زبردستی باندھا ہوا ہے۔  

’ہمیں جیسے ہی یہ اطلاع موصول ہوئی ہم نے ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت کو مطلع کیا۔ انہوں نے فوری ٹیم موقعے پر روانہ کی۔ ہم چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ٹیم کے ساتھ موقعے پر پہنچے تو دیکھا کہ سخت گرمی اور دھوپ میں ایک چھوٹا بچہ جس کی عمر 10 سال کے قریب ہے، اس کے گلے میں بھینسوں والی آہنی زنجیر ڈالی ہوئی تھی جس پر تالا لگا ہوا تھا۔‘ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ موقعے پر اہل محلہ بھی موجود تھے جو بچے کی چیخ و پکار سن کر اسے بچانے وہاں پہنچے تھے۔ اہل محلہ کی موجودگی میں ہی ہم نے بچے کو بازیاب کروایا اور اس کے والد کو باضابطہ گرفتار کیا۔ 

عمران کا کہنا تھا کہ جب بچے سے پوچھا تو معلوم ہوا کہ والد نے اسے کافی گھنٹوں سے وہاں باندھ رکھا تھا اور وہ پیاس سے بلک رہا تھا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایس ایچ او کے مطابق ڈی پی او شیخوپورہ کی ہدایت کے مطابق متاثرہ بچے کو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو شیخوپورہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ اس واقعے کی ایف آئی آر چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو شیخوپورہ کے فوکل پرسن خضر حیات خان کی مدعیت میں متاثرہ بچے کے والد کے خلاف درج کر لی ہے۔ 

خضر حیات خان نے ایف آئی آر میں لکھا کہ سوشل میڈیا پر ایک آٹھ، نو سال کے بچے کی  ویڈیو وائرل ہوئی جس میں بچے کے والد نے اسے آہنی زنجیر سے باندھ رکھا تھ اور اس پر تالا بھی لگا ہوا تھا، ویڈیو دیکھنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو شیخوپورہ نے متعلقہ پولیس تھانے سے رابطہ کیا اور ان سے فوری کارروائی کی درخواست کی۔ 

دوسری جانب متاثرہ بچے کی وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اہل محلہ اس سے دریافت کر رہے ہیں کہ اسے کیوں اور کب باندھا گیا جس پر بچے نے بتایا کہ اسے رات گئے سے اس کے والد نے گھر کی چھت پر زنجیر سے باندھ رکھا ہے۔ نہ اسے کھانے کو کچھ دیا نہ پینے کو پانی دیا۔ 

بچے نے بتایا: ’میں کسی کی مدد کے لیے گھر سے باہر گیا تھا کسی کے ساتھ۔ جب واپس آیا تو والد نے پہلے ڈنڈوں سے مارا اور اس کے بعد چھت پر لا کر زنجیروں سے بند کر دیا۔‘ 

متاثرہ بچے کے والد اس وقت پولیس حراست میں ہیں جنہوں نے پولیس کے سامنے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو زنجیر سے باندھا تھا اور ان سے غلطی ہو گئی جس کے لیے وہ معافی کے طلب گار ہیں اور آئندہ ایسی غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان