جب شترو گھن سنہا بس ٹکٹ کے لیے کھانا نہیں کھاتے تھے

شتروگھن سنہا کے بیٹے کے مطابق ان کے والد نے فلموں میں کیریئر بنانے کے لیے پٹنہ میں اپنا گھر چھوڑ دیا تھا اور وہ اکثر خوف کا شکار ہو جاتے تھے کہ آیا وہ ایک اداکار کے طور پر کامیاب ہو  پائیں گے یا نہیں۔

بھارتی بالی وڈ اداکار اور سیاست دان شتروگھن سنہا 18 جولائی 2017 کو ممبئی میں (اے ایف پی)

ماضی کے بالی وڈ سپر سٹارز کی کہانیاں اس حقیقت کی توثیق کرتی ہیں کہ کامیاب ہونا کبھی آسان نہیں ہوتا، ورنہ کس نے سوچا ہوگا کہ 70 اور 80 کی دہائی میں راج کرنے والے انڈین سپر سٹار شترو گھن سنہا کو بھی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

 اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق فلم غدر ٹو میں اداکاری کے جوہر دکھانے کی تیاری میں مصروف شتروگھن سنہا کے بیٹے لو سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کبھی کبھار بس کے ٹکٹ کے پیسے بچانے کے لیے کھانا نہیں کھاتے تھے۔

لو سنہا نے ٹیلی ویژن میزبان سدھارتھ کنن سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے زندگی میں جو کچھ بھی سیکھا اپنے والد سے سیکھا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کامیاب ہونے سے پہلے اپنے والد کے مشکل وقت کی کہانیاں سن رکھی تھیں۔ ایسے بھی لمحات تھے جب شتروگھن کو فیصلہ کرنا پڑا کہ یا تو وہ اہم ملاقاتوں کے لیے سفر کرنے کی خاطر پیسے بچائیں یا پھر کھانا خرید لیں۔

لو سنہا کا کہنا تھا کہ کبھی کبھی ان کے والد کھانے اور طویل فاصلے تک پیدل چلنے کا انتخاب کرتے تھے اور دیگر اوقات میں وہ پیسے بچانے کے لیے کھانا چھوڑ دیتے تھے۔ لو سنہا اپنے والد کے ان تجربات کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوں کہ شتروگھن سنہا نے فلموں میں کیریئر بنانے کے لئے پٹنہ میں اپنا گھر چھوڑ دیا تھا لہذا وہ اکثر خوف اور اندیشوں کا شکار ہو جاتے تھے کہ آیا وہ ایک اداکار کے طور پر کام کرپائیں گے یا نہیں۔ لو نے مزید کہا کہ ان کے والد کے خاندان کو ان سے بہت سی امیدیں تھیں اور ان کے سپر سٹار والد ناکام ہو کر کبھی واپس نہیں آنا چاہتے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لو سنہا کے بقول: ’ایک وقت تھا جب ان کا عروج تھا۔ ہمارا گھر اگرچہ اس وقت چھوٹا تھا لیکن لوگوں سے بھرا ہوتا تھا۔ پھر جب ان کی فلمیں ناکام ہونا شروع ہو گئیں تو کوئی قریب نہیں ہوتا تھا۔ میں نے عروج و زوال دونوں کو قریب سے دیکھا ہے۔‘

لو سنہا سے ان کے والد اور امیتابھ بچن کے درمیان محبت اور نفرت کے رشتے کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔

 دونوں اداکار بھائیوں کی طرح جانے جاتے تھے لیکن لو سنہا نے ان کے درمیان دشمنی کے بارے میں بھی بات کی۔ نوجوان اداکار نے کہا کہ چوں کہ وہ اس وقت کافی چھوٹے تھے لہذا وہ اس بارے میں زیادہ نہیں جانتے کہ ان کے درمیان کیا مسئلہ ہوا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ امیت انکل اور ان کی فیملی کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے ابھیشیک بچن کے فلمی سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چند سال میں خود کو منوایا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک حریف ہونے کا تعلق ہے تو جب دو بہترین اداکار ہوتے ہیں تو ان کے درمیان مقابلہ ہوتا ہے لیکن یہ کوئی ذاتی نوعیت کا معاملہ نہیں تھا۔ ایسا وقت بھی آتا ہے جب دوسرے آپ کو ایک دوسرے کے خلاف کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں۔ لیکن پختگی وہ ہوتی ہے جب آپ کو سچائی کا احساس ہوتا ہے اور آپ ایک ساتھ واپس آتے ہیں۔

غدر ٹو میں اداکار سنی دیول اور اداکارہ امیشا پٹیل پھر سے تارا سنگھ اور سکینہ کا کردار نبھائیں گے۔ لو سنہا سمیت اتکرش گپتا، سمراٹ کور اور منیش وادھوا بھی اداکاروں میں شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فلم