ایوان صدر اسلام آباد میں جمعرات کو منعقدہ تقریب میں صدر عارف علوی نے وزرا سے حلف لیا جس کے بعد نگران حکومت کی تشکیل مکمل ہو گئی ہے۔
اس سے قبل 14 اگست، 2023 کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق حلف اٹھانے والے وزرا میں سرفراز بگٹی (داخلہ)، مرتضیٰ سولنگی (اطلاعات)، ڈاکٹر شمشاد اختر (خزانہ)، جلیل عباس جیلانی (خارجہ) شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عمر سیف (انفارمیشن ٹیکنالوجی)، جمال شاہ (ثقافت)، شاہد اشرف تارڑ (مواصلات)، انیق احمد (مذہبی امور)، ڈاکٹر ندیم جان (صحت)، محمد سمیع سعید (منصوبہ بندی)، احمد عرفان اسلم (قانون)، گوہر اعجاز (کامرس)، مدد علی سندھی (تعلیم)، خلیل جارج (انسانی حقوق) اور لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر (دفاع) شامل ہیں۔
حلف اٹھانے والا وزرا کے علاوہ مشیران اور وزرائے مملکت کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
مشیران میں ایئر مارشل (ر) فرحت حسین کو ہوابازی، احد چیمہ کو اسٹیبلشمنٹ اور وقار مسعود کو خزانہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
وزرائے مملکت میں مشال حسین ملک (انسانی حقوق)، جواد سہراب ملک (اوورسیز پاکستانی)، وائس ایڈمرل (ر) افتخار راؤ (بحری امور)، وصی شاہ (سیاحت)، ڈاکٹر جہانزیب خان (سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے خصوصی کونسل) اور سیدہ عارفہ زہرہ (تعلیم) شامل ہیں۔
سرفراز بگٹی نے حلف اٹھانے کے بعد ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔
I am thankful to the Prime Minister of Pakistan @anwaar_kakar for assigning me the portfolio of the Interior Ministry. I pray to Almighty Allah for righteous path and to serve people & state of Pakistan.
— Senator Sarfraz Bugti (@PakSarfrazbugti) August 17, 2023
عمر سیف کا ایکس پر کہنا تھا کہ آئی ٹی پاکستان کی معیشت کی ڈگر بدلنے اور کرپشن ختم کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ ’مجھے امید ہے کہ میں اپنا کام وہیں سے شروع کر سکوں گا جہاں سے میں نے پی آئی ٹی بی میں سالوں پہلے چھوڑا تھا۔‘
After declining a Government position for many years, today I took oath as the Federal Minsiter for Information Technology and Telecom in the caretaker government.
— Umar Saif (@umarsaif) August 17, 2023
Thank you for your love, support and prayers. It is a huge privilege to serve the country at this critical time.…
حلف اٹھانے والے وزرا کون ہیں؟
سرفراز بگٹی
سینیٹر سرفراز بگٹی کا تعلق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے ہے۔ سرفراز بگٹی بلوچستان کے وزیر داخلہ رہ چکے ہیں۔ وہ مارچ 2015 اور مارچ 2021 میں دو مرتبہ سینیٹ کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی
مرتضی سولنگی کالم نگار اور تجزیہ کار ہیں۔ وہ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے صحافتی کیریئر میں انہوں نے وائس آف امریکہ کے لیے بھی کام کیا ہے۔ انڈپینڈنٹ اردو پر بھی ان کے کالم چھپ چکے ہیں۔
جلیل عباس جیلانی
جلیل عباس جیلانی ریٹائرڈ سفارت کار ہیں جنہوں نے گریڈ 22 میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے دسمبر 2013 سے فروری 2017 تک امریکہ میں پاکستان کے 22 ویں سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں اور اس سے قبل مارچ 2012 سے دسمبر 2013 تک پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
ڈاکٹر شمشاد اختر
ڈاکٹر شمشاد اختر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر رہ چکی ہیں۔ انہوں نے 1980 میں پلاننگ کمیشن سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور سٹیٹ بینک کی 14 ویں گورنر کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کے بعد اقوام متحدہ میں بھی تعینات رہیں۔ وہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل بننے والے نگران سیٹ اپ میں وفاقی وزیر خزانہ رہ چکی ہیں۔
عمر سیف
ڈاکٹر عمر سیف ٹیکنالوجی ایکسپرٹ ہیں اور بطور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر عمر سیف بطور وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف کو 2014 میں آئی ٹی کے شعبے میں خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا جا چکا ہے۔
جمال شاہ
جمال شاہ معروف اداکار، ہدایت کار، مصنف، مجسمہ ساز، مصور، اور سماجی کارکن ہیں۔ اس سے قبل وہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
شاہد اشرف تارڑ
شاہد اشرف تارڑ ریٹائرڈ سرکاری افسر ہیں۔ وہ صوبائی اور وفاقی سطح پر انتظامی اور قائدانہ پوزیشنز پر کام کر چکے ہیں۔ انہیں رواں سال جولائی میں وفاقی حکومت کی جانب سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ بطور ایگزیکٹیو ڈائریکٹیو ورلڈ بینک بھی کام کر چکے ہیں۔
انیق احمد
انیق احمد ایک مذہبی سکالر ہیں جنہیں رواں سال مارچ میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ گذشتہ دو دہائیوں سے ٹی وی پروگرامز کر رہے ہیں جن میں زیادہ تر مذہبی پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز پاکستان ٹیلی وژن سے کیا تھا۔
احمد عرفان اسلام
احمد عرفان اسلام ماہر قانون ہیں اور ماضی میں اٹارنی جنرل آفس میں بطور سربراہ بین الاقوامی تنازعات یونٹ کے کام کر چکے ہیں۔
محمد سمیع سعید
محمد سمیع سابق بیوروکریٹ ہیں۔ وہ سیکریٹری کابینہ کے طور پر خدمات دے چکے ہیں جب کہ ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرسنل سٹاف آفیسر بھی رہ چکے ہیں۔ سمیع سعید ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔
لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر
لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر پاکستان فوج سے ریٹائر ہونے کے بعد آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔