راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں 5.5 شدت کا زلزلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں ہفتے کو زلزلے کے زوردار جھٹے محسوس کیے گئے جس کے بعد شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

یہ تصویر 11 جنوری 2024 کی ہے جب اسلام آباد میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں لوگ ایک عمارت کے باہر جمع ہیں۔ 12 اپریل 2025 کو راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں محکمہ موسمیات کے مطابق 5.5 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ (عامر قریشی/ اے ایف پی)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں ہفتے کو زلزلے کے زوردار جھٹے محسوس کیے گئے جن کی شدت پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق 5.5 تھی۔

پنجاب کے دیگر شہروں اٹک، چنیوٹ، چکوال، میانوالی اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں شہری گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے تاہم زلزلے کے باعث کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے مطابق روالپنڈی کے 60 کلو میٹر شمال مغرب میں زلزلے کا مرکز تھا، جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پی ایم ڈی نے بیان میں کہا کہ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ پانچ تھی اور 12 بج کر 31 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

دوسری جانب امریکی جیولوجویکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز سنجوال تھا جس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھا جبکہ شدت ریکٹر سکیل پر پانچ تھی۔

پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ’زلزلے کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز الرٹ ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان