بچپن سے پیار کرنے والا امریکی جوڑا شادی کے پانچ منٹ بعد ہلاک

جوڑے کی شادی رجسٹر کرنے والے جج نے ہی جائے حادثہ پر 19 سالہ ہیرلے مارگن اور ان کی 20 سالہ دلہن ریانن بوڈریو کی موت کی قانونی تصدیق کی۔

ہیرلے اور ریانن بچپن سے ہی ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے اور انہوں نے مقبول ’جسٹس آف پیس‘ جوائے ڈبوس سیمنٹن سے شادی رجسٹر کرانے کا فیصلہ کیا تھا (تصویر: کرسٹینا فونٹی نوٹ فیس بک پیج)

بچپن سے ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ایک امریکی جوڑا شادی کے چند منٹ بعد ہی ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق یہ المناک حادثہ ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن کے قریب ایک قصبے اورنج کے علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب 19 سالہ ہیرلے مارگن اور ان کی 20 سالہ دلہن ریانن بوڈریو عروسی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے کورٹ ہاؤس سے شادی رجسٹر کرانے کے بعد اپنے گھر کے لیے روانہ ہوئے ہی تھے کہ ان کی گاڑی ایک پِک اپ ٹرک سے ٹکرا گئی۔

پانچ منٹ قبل اس جوڑے کی شادی رجسٹر کرنے والے جج نے ہی جائے حادثہ پر ان کی موت کی قانونی تصدیق کی۔

اورنج پولیس  کے کیپٹن کیتھ لانگلائس کا کہنا تھا: ’میں یہ گفتگو ایک ایسے وقت کر رہا ہوں جب محض پانچ منٹ قبل اس جوڑے نے شادی کے بعد ایک دوسرے کا بوسہ لیا تھا۔ اس بدقسمت جوڑے کے خاندان کے افراد بھی ان کے پیچھے ہی جا رہے تھے۔ یہ لوگ شادی کے استقبالیہ کے لیے جا رہے تھے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا: ’آنجہانی ہیرلے اور ریانن بچپن سے ہی ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے اور انہوں نے مقبول ’جسٹس آف پیس‘ جوائے ڈبوس سیمنٹن سے شادی رجسٹر کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔‘

پولیس کیپٹن کے مطابق حادثے کے وقت دلہا گاڑی چلا رہا تھا، جنہوں نے پانچ لین موٹروے پر ڈرائیووے سے گاڑی نکانے کی کوشش کی تھی۔ اس کوشش میں اُن کی کار بھاری ٹریکٹر کو لے جانے والے پِک اپ ٹرک سے جا ٹکرائی۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ گاڑی کھائی میں گرنے سے پہلے کئی بار فضا میں اچھلی تھی۔

مقامی ٹی وی چینل کے مطابق ٹرک کے ڈرائیور کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔

ٹرک کے ڈرائیور کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم کیپٹن لانگلوئس کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کے ساتھ تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور بظاہر اس حادثے میں ان کی کوئی غلطی نہیں تھی، تاہم ان کے الکوحل اور ڈرگ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

آنجہانی دلہے کی والدہ لیشوانا مارگن نے بیمانٹ انٹرپرائز کو بتایا: ’میں وہاں موجود تھی۔ میں نے اپنی آنکھوں سے اپنے دونوں بچوں کو مرتے ہوئے دیکھا۔‘

جذباتی ماں نے کہا: ’خدارا اپنے گھر جائیے اور اپنے پیاروں کو گلے لگا لیجیے۔ ان کو کبھی خفا نہ کیجیے۔‘

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا