وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں سات روپے 41 پیسے فی یونٹ اور کمرشل صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔
جمعرات کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے لیے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آج عید کی مناسبت سے آپ کو ایک خوش خبری سنانے آیا ہوں جس کا وعدہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا۔‘
انہوں نے کہا: ’جون 2024 میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 48 روپے 70 پیسے فی یونٹ تھی جب کہ کمرشل صارفین کے لیے یہ قیمت جون 2024 میں 58 روپے 50 پیسے تھی، ایک سال تک اس قیمت میں بتدریج کمی کے بعد آج اس میں سات روپے سے زائد کمی کا اعلان کر رہے ہیں۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا: ’آج وہ وعدہ پورا ہوا جو مسلم لیگ کے قائد نواز شریف نے اعلان کیا تھا، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو معاشی ترقی کی منازل طے کرتے رہیں گے۔‘
وزیراعظم نے بتایا کہ ’ملک میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ کمی واقع ہوئی ہے، ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر ڈیڑھ فیصد پر آ گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا: ’ہم نےبجلی کی قیمتیں کم کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو قائل کیا، آئی پی پیز کو بھی کہا آپ نے بہت پیسہ کما لیا اور ان سے معاہدوں پر نظر ثانی کی بات کی، اس نظر ثانی سے تین ہزار 696 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
’اپنے دور حکومت میں مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ کمی کی، ملک میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر ڈیڑھ فیصد پر آ گئی ہے۔ بجلی کا گردشی قرضہ دو ہزار 393 ارب روپے ہے جس کا پکا بندوبست کر لیا ہے۔‘
’پیٹرول کی قیمت پاکستان میں آج بھی سب سے کم ہے، ایک سال میں پیٹرول کی قیمت 38 روپے کی کمی آئی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ملک میں عدم استحکام عروج پر تھا، بدترین حالات کی وجہ سے کاروباری برادری خوف زدہ تھی اور بجلی کے کارخانے چلانے کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے۔ ایل سیز کھولنے کے لیے بھی مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا تھا۔
’مشکل وقت تھا، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) بات سننے کو تیار نہیں تھا، کیونکہ ماضی میں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی اور معاشی استحکام کی راہ میں پہاڑ جیسی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک وزیر خزانہ ایسے بھی تھے جنہوں نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے خلاف خط لکھا، ایک ٹولے نے اپنی سیاست کے لیے ریاست کو داؤ پر لگا دیا مگر یہ اللہ تعالیٰ کی کمال مہربانی ہے کہ پاکستان دیوالے سے بچ گیا اور اب معیشت اجالوں میں آ چکی ہے۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ان کے رفقا کار کا معاشی ترقی میں اہم کردار رہا۔ ہمیں عام آدمی کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔
’ساتھ ہی اپنی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے مسائل حل کرنے کے لیے شدید محنت کی۔‘