ایک ایسے وقت میں جب بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 23 دن سے عملاً کرفیو نافذ ہے اور لائن آف کنڑول پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات انتہائی کشیدہ ہیں، عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔
منگل کے روز عامر خان مختصر دورے پر پاکستانی فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقے چکوٹھی پہنچے جہاں انہوں نے گولہ باری سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ چکوٹھی بازار کابھی دورہ کیا اور متاثرہ تاجروں سے بات چیت کی۔
اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کے اس دورے کا مقصد لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
انہوں نے کہا: ’ مجھے احساس ہے کہ لائن آف کنٹرول کے پار کشمیریوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا:’میرا مشن امن ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ کشمیر میں امن ہو۔ مشکل حالات میں لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کے ساتھ ہوں اور ان کی مدد کے لیے جو کچھ ہو سکا کروں گا۔ واپس جا کر دنیا کو کشمیر کے حالات سے آگاہ کروں گا۔‘
عامر خان نے مزید کہا: ’بھارت میں جو میرے چاہنے والے ہیں ان سے کہوں گا کہ وہ اپنی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ جموں وکشمیر میں کرفیو ہٹائے۔‘
عامر خان نے کچھ دن پہلے اپنے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا کہ وہ پاکستانی فوج کی مدد سے ایل او سی کا دورہ کریں گے۔
I’m visiting Pakistan, Line of Control( LOC), to make my voice heard, bring greater awareness to the terrible situation in Kashmir and call for peace @UN charter Thank you @officialdgispr for the opportunity
— Amir Khan (@amirkingkhan) August 24, 2019