’ہاتھ لگانا تک مشکل‘: آئی فون 15 کے انتہائی گرم ہونے کا مسئلہ

ایپل کے ان نئے ماڈلز کا درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس تک پہنچ جاتا ہے اور کچھ صارفین کا دعویٰ ہے کہ ہینڈ سیٹ اتنے گرم ہو جاتے ہیں کہ فون کور استعمال کیے بغیر انہیں چھونا تک مشکل ہو جاتا ہے۔

22 ستمبر 2023 کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایک شخص ایپل کے ریٹیل سٹور پر آئی فون 15 خریدنے کے لیے قطار میں موجود ہے (پیٹرک ٹی فالن / اے ایف پی)

فون مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں ایپل کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے ماڈلز یعنی آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میکس میں زیادہ گرم ہونے کا مسئلہ درپیش ہے۔

ایپل کے فلیگ شپ فونز کا مبینہ درجہ حرارت 47 ڈگری سیلسیس تک پہنچ جاتا ہے اور کچھ صارفین کا دعویٰ ہے کہ ہینڈ سیٹ اتنے گرم ہو جاتے ہیں کہ فون کور استعمال کیے بغیر انہیں چھونا تک مشکل ہو جاتا ہے۔

ایپل مصنوعات کی خبریں دینے والی امریکی ویب سائٹ ’نائن ٹو فائیو میک‘ کے رپورٹر ایان زیلبو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: ’میرا آئی فون 15 پرو میکس فاسٹ چارجنگ کے دوران اتنا گرم ہے کہ اسے چھوا بھی نہیں جا سکتا۔‘

ان کے بقول: ’میں نے سوچا لوگ حد سے زیادہ مبالغہ آرائی کر رہے ہیں لیکن نہیں، یہ اچھا نہیں ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر میں اسے پکڑوں تو بائیں طرف کی ریل اور بائیں طرف پیچھے کا تھوڑا سا حصہ اب تک سب سے گرم ہے جو مدر بورڈ کے ساتھ بالکل برابر میں ہے۔‘

ایپل نے سب سے پہلے 2017 میں آئی فون 8 کے ساتھ فاسٹ چارجنگ متعارف کروائی تھی، جس سے صارفین تقریباً 30 منٹ میں 50 فیصد تک بیٹری چارج کر سکتے تھے۔

رواں ماہ آئی فون 15 رینج کے فونز متعارف کروانے ساتھ ہی ایپل نے یورپی یونین کے نئے قوانین کو پورا کرنے کے لیے اپنی ملکیتی چارجنگ کیبلز کو بھی معیاری یو ایس بی ’سی‘ چارجر سے تبدیل کر دیا ہے۔

ایان زیلبو نے کہا کہ یہ مسئلہ اس وقت انتہا پر تھا جب کہ ان کا آئی فون 25 فیصد بیٹری لیول سے 60 فیصد تک تیزی سے چارج ہو رہا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا: ’بیٹری 70 فیصد سے زیادہ چارج ہونے کے بعد ایسا لگا کہ یہ (فون) کافی حد تک ٹھنڈا ہو گیا ہے (لیکن یہ اب بھی گرم تھا لیکن اسے ہاتھ میں آرام سے اٹھا سکتے ہیں)۔

دی انڈپینڈنٹ نے اس حوالے سے تبصرے کے لیے ایپل سے رابطہ کیا ہے۔

آئی فون 15 کے دیگر صارفین کا کہنا ہے کہ گیمز کھیلنے یا ایپس سکرول کرنے کے دوران انہیں فون حد سے زیادہ گرم محسوس ہوا۔

ٹیکنالوجی پبلیکیشن اینڈروئیڈ اتھارٹی نے رپورٹ کیا کہ یہ مسئلہ چیٹ ایپس اور سوشل میڈیا ویڈیوز کے درمیان سوئچ کرتے ہوئے ’استعمال کے طویل سیشن کے دوران‘ پیش آتا ہے۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی سے وابستہ عامر صدیقی کا کہنا ہے کہ ’فون کیمرے کے نچلے حصے میں دائیں جانب کی جگہ پر گرم ہو جاتا ہے۔ یہ گیمنگ اور چارج کے پلگ اِن کیے بغیر ہوتا ہے اور وائی فائی پر ہے لہذا اس کا گرم ہونا ناقابل بیان ہے۔‘

کورین یوٹیوب چینل بلز لیب کی جانب سے کیے گئے تجربات سے معلوم ہوا کہ آئی فون 15 کا درجہ حرارت گیمنگ کے دوران 46.7 سیلسیس تک پہنچ گیا۔

آئی فون 15 کے زیادہ گرم ہونے والے مسئلے کی خبریں اس وقت سامنے آئی ہیں، جب 2020 کے آئی فون 12 ماڈل سے متعلق ایسے ہی خدشات پیدا ہوئے تھے جس کے بارے میں فرانسیسی ریگولیٹرز کا دعویٰ ہے کہ اس سے نقصان دہ حد تک تابکاری کا اخراج ہوتا ہے۔

فرانس نے رواں ماہ کے آغاز میں آئی فون 12 ہینڈ سیٹس کی فروخت پر پابندی عائد کردی تھی، جس کے بعد اس مسئلے کو کم کرنے کی کوشش میں ایپل کو مجبوراً سافٹ ویئر اپ ڈیٹ دینی پڑی۔

تابکاری کی وارننگ فرانس کی نیشنل فریکوئنسی ایجنسی (اے این ایف آر) کی جانب سے کیے گئے تجربات پر مبنی تھی، تاہم دیگر یورپی ممالک کے ریگولیٹرز نے بھی فرانسیسی ریگولیٹر کے اقدام پر عمل کرنے کے ارادے کا اشارہ دیا ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی