امریکی سینیٹ میں 25 گھنٹے کی ’ٹرمپ مخالف‘ تقریر، نئی تاریخ رقم

امریکی قانون ساز سینیٹر کوری بُکر نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’آئین شکن‘ اقدامات کے خلاف احتجاج کے طور پر 25 گھنٹے سے زیادہ وقت تک مسلسل کھڑے ہو کر خطاب کیا۔

یکم اپریل 2025 کو امریکی سینیٹر کوری بُکر واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس کیپیٹل میں ریکارڈ ساز تقریر کرنے کے بعد سینیٹ چیمبر سے نکلتے ہوئے صحافیوں سے بات کر رہے ہیں (اے ایف پی)

ڈیموکریٹک امریکی قانون ساز سینیٹر کوری بُکر نے منگل کو سینیٹ کی تاریخ کی سب سے طویل تقریر کا ریکارڈ توڑ دیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’آئین شکن‘ اقدامات کے خلاف احتجاج کے طور پر 25 گھنٹے سے زیادہ وقت تک مسلسل کھڑے ہو کر خطاب کیا۔

سینیٹر کوری بُکر کی ثابت قدمی — جس دوران انہیں مسلسل کھڑا رہنا پڑا اور وہ باتھ روم بھی نہیں جا سکتے تھے — نے 1939 کی کلاسک فلم ’مسٹر سمتھ گووز ٹو واشنگٹن‘ کے مشہور منظر کی یاد تازہ کر دی۔

اس سے قبل سینیٹ کی طویل ترین تقریر جنوبی کیرولائنا کے سٹرام تھرمینڈ نے کی تھی، جنہوں نے 1957 کے سول رائٹس ایکٹ کو روکنے کی کوشش میں 24 گھنٹے اور 18 منٹ تک مسلسل تقریر کی تھی۔

بُکر، جو سینیٹ میں عوامی ووٹ سے منتخب ہونے والے چوتھے سیاہ فام سینیٹر ہیں، نے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔ اختتام پر جب انہوں نے 25 گھنٹے اور 5 منٹ کا وقت مکمل کیا تو اس وقت بھی ان کی آواز بھی پُراثر اور جذباتی تھی۔

انہوں نے بعد میں ایم ایس این بی سی کو بتایا: ’سٹرام تھرمینڈ کا ریکارڈ ہمیشہ۔۔۔ مجھے بہت کھٹکتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہ کہ ہماری سینیٹ میں سب سے طویل تقریر ایک ایسے شخص نے کی تھی جو مجھ جیسے لوگوں کو سینیٹ میں آنے سے روکنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ‘

جیسے ہی انہوں نے ریکارڈ توڑا، سینیٹ چیمبر کی عوامی گیلریاں بھرنے لگیں، مزید ڈیموکریٹک قانون ساز اجلاس میں شامل ہوتے گئے — اگرچہ رپبلکن ارکان بڑی حد تک غیر حاضر رہے۔

بُکر نے اختتام پر کہا: ’یہ ایک اخلاقی لمحہ ہے۔ یہ بائیں یا دائیں کا مسئلہ نہیں، بلکہ صحیح اور غلط کا مسئلہ ہے۔‘

انہوں نے اپنے رہنما جان لیوس کا حوالہ بھی دیا، جو 1960 کی دہائی کی سول رائٹس تحریک کے لیڈر تھے، جنہوں نے کارکنوں کو ’اچھے فساد‘ میں پڑنے کی تلقین کی تھی، اس کے بعد انہوں نے کہا: ’محترمہ صدر، میں فلور چھوڑتا ہوں۔‘

  55 سالہ نیو جرسی کے رہائشی نے ریکارڈ توڑنے کے بعد مزاح کا پہلو بھی شامل کیا: ’میں تھوڑا سا مزید بولوں گا، پھر میں اپنی فطری ضروریات پوری کروں گا جو میں محسوس کر رہا ہوں۔‘

جمہوریت کی بنیادیں

اگرچہ بُکر کی طویل تقریر اکثریتی رپبلکن پارٹی کو سینیٹ میں ووٹنگ سے نہیں روک رہی تھی، جیسا کہ اصل میں ہوتا ہے، لیکن ان کی مزاحمت جلد ہی پریشان حال ڈیموکریٹس کے لیے ایک مرکز اتحاد بن گئی۔

بُکر، جو صدارتی امیدوار بھی رہ چکے ہیں، نے پیر کی رات 7:00 بجے (2300 GMT) تقریر شروع کی اور منگل کی شام 8:05 بجے مکمل کی۔

انہوں نے ٹرمپ کی شدید کفایت شعاری پر مبنی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جن کے تحت دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک جیسے مشیران نے کانگریس کی منظوری کے بغیر مکمل سرکاری پروگرام ختم کر دیے۔

سینیٹر نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے اختیارات پر غیر معمولی قبضہ امریکی جمہوریت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

بُکر نے کہا: ’بلا وجہ مصیبتیں تمام پس منظر کے امریکیوں پر مسلط کی جا رہی ہیں۔ اور وہ ادارے جو امریکہ میں خصوصی حیثیت رکھتے ہیں، جو قیمتی ہیں اور منفرد ہیں، انہیں لاپرواہی سے — بلکہ میں کہوں گا کہ آئین شکن طریقے سے — متاثر کیا، نشانہ بنایا اور تباہ کیا جا رہا ہے۔

’صرف 71 دنوں میں، امریکہ کے صدر نے امریکیوں کی سلامتی، مالی استحکام، اور جمہوریت کی بنیادی اساس کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔‘

لیکن انہوں نے ٹرمپ کے مخالفین کو حوصلہ افزائی بھی دی، اور کہا: ’عوام کی طاقت ان لوگوں سے زیادہ ہے جو اقتدار میں ہیں۔‘

تھکن اور گلے کی سوجن 

بعد ازاں بُکر نے بتایا کہ انہوں نے تقریر کے دوران جسمانی دباؤ کیسے برداشت کیا۔

انہوں نے کیپیٹل میں صحافیوں کو بتایا: میری حکمت عملی یہ تھی کہ کھانا چھوڑ دوں۔ میرا خیال ہے میں نے جمعہ سے کھانا چھوڑ دیا تھا اور پیر کی رات سے پانی پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’اس طریقہ کار کے کچھ فائدے تھے اور کچھ سخت نقصانات بھی... مختلف عضلات پانی کی کمی سے اکڑنے لگتے ہیں۔

اپنے دفتر سے جاری بیان میں بُکر نے مزید کہا کہ وہ ’تھکے ہوئے اور کچھ حد تک گلے کی سوجن‘ کا شکار ہیں۔

بُکر نے اپنی تقریر کا بڑا حصہ ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کے لیے وقف کیا، لیکن وقت گزارنے کے لیے انہوں نے شاعری پڑھی، کھیلوں پر بات کی، اور ساتھیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

انہوں نے کہا: ’اگر آپ اپنے پڑوسی سے محبت کرتے ہیں، اگر آپ اس ملک سے محبت کرتے ہیں، تو اپنی محبت دکھائیں۔ انہیں وہ کرنے سے روکیں جو وہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ