پاکستان کے نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی عمر سیف کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور سعودی اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے کے بعد پاکستانی سٹارٹ اپس میں غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
نگران وفاقی وزیر نے یہ بات ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں کہی ہے جس میں انہوں نے اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
سعودی عرب نے گذشتہ روز پاکستان کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی، جدت کے فروغ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی ترقی سے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینا ہے۔
Thrilled to witness the MOU signing between Saudi's Interpay and Pakistan's Financials Unlimited, facilitated by Ignite through NIC Peshawar. This collaboration is set to attract substantial foreign investment in a Pakistani startup and we look forward to many such startup… pic.twitter.com/gO5CFWeovB
— Umar Saif (@umarsaif) October 1, 2023
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مملکت کے وزیر برائے مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینیئر عبداللہ السوہا اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹرعمر سیف نے ریاض میں معاہدے پر دستخط کیے۔
اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد دونوں ممالک سعودی پاکستان ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک ٹاسک فورس بنائیں گے۔
معاہدے کی شرائط کے تحت سعودی عرب اور پاکستان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے لیے بزنس ایکسلریٹرز اور انکیوبیٹرز پر معلومات کے تبادلے اور ری لوکیشن میں مدد کے ذریعے اپنے ایس ایم ای اور سٹارٹ اپس ایکو نظام کو مضبوط بنائیں گے۔
دونوں ممالک ڈیجیٹلائزیشن اور الیکٹرانک مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں پالیسیوں، ضوابط اور قانون سازی پر تعاون کریں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یاداشت کے تحت دونوں ممالک اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کس طرح کاروباری افراد اور کاروباری ادارے ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری اور وینچر کیپیٹل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
دونوں ممالک اپنی آئی سی ٹی مارکیٹوں میں باہمی تعاون کے مواقع کے لیے کمپنیوں کا جائزہ لے کر اور ان کی اہلیت کے ذریعے اپنے ڈیجیٹل معاشی تعلقات کو گہرا کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور سعودی عرب ای گورننس، سمارٹ انفراسٹرکچر، ای ہیلتھ، ای ایجوکیشن اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسا کہ اے آئی، آئی او ٹی، روبوٹکس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ای گیمنگ اور بلاک چین میں تعاون کریں گے۔
اس مفاہمت کا مقصد مشترکہ منصوبوں، تربیتی پروگراموں اور جدید ٹیکنالوجیز کے لیے انوویشن سینٹرز، سینٹرز آف ایکسیلینس اور یونیورسٹی برانچوں کے ذریعے تحقیق اور جدت کو بڑھانا ہے۔
دونوں ممالک اپنے فائبر آپٹک نیٹ ورکس، ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے رابطے کو بڑھا کر اپنے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنائیں گے۔
امید کی جا رہی ہے کہ اس مفاہمتی یادداشت سے پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے کی بین الاقوامی تقریبات میں شرکت اور آئی ٹی کی ترقی اور الیکٹرانکس میں ان کے نجی اور سرکاری اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔