دنیا کا پہلا شرعی اصولوں پر کاربند ای ایس جی انڈیکس تیار

یہ اہم قدم مقاصد شرعی اصولوں کو عالمی معیار کے حامل ای ایس جی معیارات کے ساتھ جوڑتا ہے۔

مدینہ میں منعقد ہونے والی تقریب (سپیٹریکو)

آزاد عالمی تھنک ٹینک البرکہ فورم اور سپیکٹریکو ایل ایل سی نے اخلاقیاتی مالیات اور پائیدار ترقی (sustainability) کو فروغ دینے کے لیے اسلامی اقتصادیات کے لیے جمعے کو مدینہ میں منعقدہ 45 ویں البرکہ اسلامی اقتصادیات سمپوزیم میں دنیا کا پہلا شرعی اصولوں پر کاربند ای ایس جی انڈیکس تیار کرنے اور شروع کرنے کے لیے باضابطہ طور پر ایک سٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

البرکہ فورم اسلامی اقتصادی اصولوں کو فروغ دینے والا ایک اہم تھنک ٹینک ہے جب کہ سپیکٹریکو ایک عالمی ٹیکنالوجی مشاورتی کمپنی ہے۔

البرکہ اور سپیکٹریکو کی مشترکہ پریس ریلیز کے مطابق دستخطوں کی تقریب گورنر مدینہ عزت مآب شہزادہ فیصل بن سلمان السعود اور چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز البرکہ فورم برائے اسلامی اقتصادیات عزت مآب شیخ عبداللہ صالح کامل کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

یہ اہم قدم مقاصد شرعی اصولوں کو عالمی معیار کے حامل ای ایس جی معیارات کے ساتھ جوڑتا ہے، جو اسلامی معیشتوں میں ذمہ دارانہ سرمایہ کاری، پائیداری اور مالی شفافیت کے لیے ایک جامع اور اخلاقی فریم ورک پیش کرتا ہے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی ای ایس جی انڈیکس سخت شرعی سکریننگ کو سپیکٹریکو کے ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کردہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے ای ایس جی تجزیات کے ساتھ ملائے گا۔ انڈیکس کا مقصد سرمایہ کاروں، ریگولیٹرز اور اسلامی مالیاتی اداروں سمیت سٹیک ہولڈرز کی ایک وسیع رینج کی خدمات فراہم کرنا ہے جو شریعت پر مبنی سرمایہ کاری کے طریقوں کو جدید پائیداری کے اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنا چاہتے ہیں۔

البرکہ فورم کے سیکرٹری جنرل شیخ یوسف حسن خلاوی نے اس موقعے پر کہا، ’پائیدار ترقی کے تانے بانے میں، اسلامی مالیات ذمہ داری، شفافیت اور اخلاقی سرمایہ کاری کے دھاگوں کو ایک ساتھ بنتی ہے، جو ایک ایسی میراث تخلیق کرتی ہے جو لوگوں اور پوری دنیا، دونوں کی قدر کرتی ہے۔ مقاصد الشریعہ زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی، تحفظ اور پائیداری کے لیے ایک جامع اور درست فریم ورک پیش کرتا ہے۔ اس جذبے کے ساتھ ہم سپیکٹریکو کے پلیٹ فارم کے ساتھ شراکت کرنے پر خوش ہیں، جو شرعی اصولوں کو عالمی ESG قواعد کے ساتھ ہم آہنگ کرتا ہے، جو اخلاقی اور اثر انگیز مالیات کے ہمارے مشن کو مزید آگے بڑھاتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سپیکٹریکو کے سی ای او اور پارٹنر فراز خان نے مزید کہا، ’ہم اس اہم اقدام پر البرکہ فورم کے ساتھ شراکت کرنے پر بہت اعزاز محسوس کرتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت ایس ایس جی ڈیٹا انٹیلی جنس اور اسلامی اصولوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم اسلامی مالیاتی اداروں کے لیے ای ایس جی کی عمل درآمد (implementation) کو آسان بنانے اور عالمی سطح پر پائیدار مالیاتی آلات کو اپنانے کو تیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ تعاون روایت، اختراع اور عالمی اثرات کا ایک طاقتور سنگم ہے۔‘

فراز خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’دنیا میں اس وقت پائیداری کے حساب سے دو قسم کے سسٹم چل رہے ہیں۔ ایک ایس ایس جی ہے جو لازمی رپورٹنگ کے ساتھ امریکہ، یورپ اور دوسرے ملکوں میں رائج ہے۔

’دوسری اسلامی معیشت میں شرعی اصول چل رہے ہیں۔ دونوں کی پائیداری کے اصول ایک جیسے ہیں۔ ہم نے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے مقاصد شریعہ، یعنی شرعی معیشت کی پائیداری کے جو اصول ہیں، اس کے تحت ای ایس جی کی دنیا بھر میں ریگولیشن کا انڈیکس بنایا ہے، جس کو بینک، فرمز، ایسیٹ مینیجر، یا ادارے استعمال کر سکتے ہیں۔‘

اسلامی ای ایس جی انڈیکس ابتدائی طور پر  خلیجی ملکوں، یورپی اور جنوب مشرقی ایشیائی منڈیوں پر توجہ مرکوز کرے گا، جو اقدار پر مبنی، شرعی عمل درآمد کے حامل پائیدار مالیاتی حلوں کی بڑھتی ہوئی عالمی مانگ کا جواب دے گا۔

ریئل ٹائم شفافیت، فعال نگرانی اور متحرک رپورٹنگ کے ذریعے، انڈیکس سے دنیا بھر میں اسلامی اور پائیدار مالیات کے مستقبل کو تشکیل دینے میں تبدیلی آمیز کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا