آسٹریلیا اور پاکستان کی امیدیں زندہ رکھنے والے میکسویل

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف گلین میکسویل نے جو اننگز کھیلی اس نے نہ صرف آسٹریلیا کو جتوایا بلکہ پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو بھی زندہ رکھا ہے۔

آسٹریلیوی بلے باز گلین میکسویل نے افغانستان کے خلاف سات نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں ناقابل شکست 201 رنز بنائے (اے ایف پی)

پٹھوں کی اکڑن یا کریمپس کے باعث ٹانگ ہلانے میں تکلیف، دوڑ کر رن بنانے کی ہمت نہ فُٹ ورک کرنے کی طاقت لیکن میکس ویل کے مقابلے کے جذبے نے آسٹریلیا کو ایسی یادگار فتح دلائی جو کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

بار بار وکٹ پر گرتے، لنگڑاتے آسٹریلیوی بلے باز گلین میکسویل نے ریکارڈ ساز ڈبل سنچری بنا کر افغانستان سے یقینی فتح چھین لی اور ایک دو نہیں کئی ریکارڈ قائم کر دیے۔

انڈیا میں جاری ورلڈ کپ 2023 میں گذشتہ شب ایسا میچ کھیلا گیا جس کا نتیجہ شکست خوردہ افغان ٹیم اور تماشائیوں کے لیے تو ناقابل یقین تھا ہی، خود آسٹریلوی ٹیم کے لیے بھی یہ جیت ایک خواب جیسی تھی اور اس خواب کو سچ کر دکھانے والے میکسویل تھے۔

افغانستان کے 292 رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم افغان بولرز کے سامنے لڑکھڑا گئی۔

انیسویں اوور میں 91 رنز پر آسٹریلیا کا 7واں کھلاڑی پویلین لوٹا تو سب کو افغانستان کی جیت کا یقین ہو چکا تھا۔

بحث صرف یہ تھی کہ اپنی فائٹنگ سپرٹ اور آخری گیند تک ہمت نہ ہارنے کے لیے مشہور آسٹریلوی ٹیم لڑتے لڑتے ہارے گی یا افغانستان کی خطرناک بولنگ کے سامنے ہتھیار ڈال دے گی۔

پھر میکس ویل نے اپنے کپتان کے ساتھ مل کر وہ کر دکھایا جو کرکٹ کی تاریخ میں کسی دیومالائی داستان کی طرح یاد رکھا جائے گا۔

128 گیندوں پر 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز، 10 چھکے اور 21 چوکے، افغان ٹیم اور تماشائیوں کا دل توڑ گئے۔

کپتان پیٹ کمنز نے دوسرے اینڈ سے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور صرف اپنی وکٹ بچاتے ہوئے میکسویل کو کھل کر کھیلنے کا موقع دیا۔ انہوں نے 68 گیندیں کھیلیں اور صرف 12 رنز بنائے۔

یہ کھیل آسٹریلیا بمقابلہ افغانستان نہیں تھا بلکہ اسے افغانستان بمقابلہ میکسویل کہنا غلط نہیں ہو گا کیوں کہ یہ ون مین شو تھا۔

ایسا نہیں تھا کہ میکسویل نے افغانستان کو ان کی وکٹ حاصل کرنے کا کوئی موقع ہی نہیں دیا۔ 27 ویں اوور میں 112 کے مجموعی سکور پر میکسویل ایل بی ڈبلیو سے ڈی آر ایس کے باعث بچنے میں کامیاب ہوئے اور اسی اوور میں انہوں نے افغان سپنر نور محمد کی گیند پر ایک آسان کیچ بھی دیا جو مجیب الرحمان نے ڈراپ کر دیا اور شاید سیمی فائنل میں جانے کا موقع بھی۔

وہ ون ڈے میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے آسٹریلیا کے پہلے بلے باز بن  گئے ہیں جبکہ دوسری اننگز میں ڈبل سنچری کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

اس سے پہلے ہدف کے تعاقب میں طویل اننگز کا ریکارڈ پاکستان کے فخر زمان کے پاس تھا جنہوں نے 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 193 رنز بنائے تھے۔

میکسویل ون ڈے میں نمبر تین کے بعد بیٹنگ کے لیے آکر ڈبل سنچری کرنے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ چار نمبر سے نیچے ایسا کارنامہ تو لسٹ اے یعنی ڈومیسٹک سطح پر بھی کسی نے سرانجام نہیں دیا ہے۔

میکسویل اور کمنز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 202 رنز بنائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہی نہیں بلکہ 10 چھکوں اور 21 چوکوں کے ساتھ ورلڈ کپ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ 31 باونڈریز کا ریکارڈ بھی میکسویل نے اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے اسے ون مین شو کہتے ہوئے کہا کہ یہ اب تک کی سب سے بڑی اننگز ہے جو میں نے دیکھی۔

کمنز کا کہنا تھا کہ ’ہم سب یہی بات کر رہے تھے کہ آپ کہہ سکتے ہیں کہ میں سٹیڈیم میں موجود تھا جہاں گلین میکسویل نے ہدف تنہا ہی حاصل کر لیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میدان میں موجود شائقین میکسویل کی پر باؤنڈری کے ساتھ زیادہ پرجوش ہوتا جا رہے تھے۔‘

صرف میدان میں موجود شائقین ہی نہیں بلکہ میکسویل کی ہر شاٹ پر پورا پاکستان بھی جھوم رہا تھا۔ کیونکہ یہ صرف آسٹریلیا کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کی امیدیں بھی اس ورلڈ کپ میں زندہ رکھنے کے لیے ضروری تھا۔

اگر افغانستان یہ میچ جیت جاتا تو پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچے کی امیدیں مزید مدھم پڑ جاتیں۔ لیکن میکسویل نے آسٹریلیا کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی بچا لیا۔

میکسویل نے میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ابھی تک سکتے میں ہوں۔‘

انہوں نے بعد میں ایکس پر پوسٹ کے ذریعے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب وہ واپس اپنے والد ہونے کی ڈیوٹی پر جا رہے ہیں۔‘

گلین میکسویل جتنی دیر کریز پر رہے کوئی ایسا لمحہ نہیں آیا جب کسی نہ کسی نے سوشل میڈیا پر ان کے نام سے کوئی پوسٹ نہ کی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ میکسویل کا نام اب تک سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں موجود ہے۔

کرکٹ کی دنیا کے بڑے ناموں نے بھی میکسویل کی اننگز کو ’جادوئی اننگز‘ قرار دیا۔

پاکستانی لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ایکس پر لکھا: ’یہ بغیر کسی شک کے ون ڈے کی بہترین اننگز ہے۔‘

پاکستان کے ایک اور سابق کپتان مصابح الحق نے لائیو شو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میکسویل نے آج ان سب کی تھیوریاں غلط ثابت کر دیں کہ شاٹ کھیلتے ہوئے پاؤں کا استعمال بہت ضروری ہے۔ انہوں نے صرف اپنی کلائی کا مضبوطی سے استعمال کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔‘

سچن ٹنڈولکر جو میچ سے کچھ دیر قبل افغانستان ٹیم سے مل کر آئے تھے نےایکس پر لکھا: ’میں نے اپنی زندگی میں ون ڈے کی بہترین اننگز دیکھی ہے۔‘

اسی طرح وریندر سہواگ نے لکھا کہ ’یہ اننگز لمبے عرصے تک یاد رکھی جائے گی۔‘

دنیا کے تیز ترین بولر شعیب اختر کہتے ہیں کہ ’یہ ون ڈے کی بہترین اننگز تھی۔ ذہنی اور جسمانی جینیئس کو کھیلتے ہوئے دیکھنا ایک اعزاز تھا۔‘

ورلڈ کپ میں افغانستان کی ہر جیت پر اپنے ناچنے کی ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے سابق انڈین بولر عرفان پٹھان کو بھی کہنا پڑا ’کچھ میچ وننگ اننگز ایسی ہوتی ہیں کہ آپ کھڑے ہو کر تالیاں بجاتے ہیں۔ میکسویل کی یہ اننگز زندگی بھر یاد رکھنے والی ہے۔‘

پاکستانی سابق کپتان وقار یونس نے کہا کہ ’مستقبل میں ایسی کسی چیز کا مشاہدہ کرنا مشکل ہوگا۔‘

ہربھجن سنگھ نے اس اننگز کو ’غیر حقیقی‘ قرار دیا اور کہا کہ ’ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا۔‘

سابق پاکستانی کرکٹ کھلاڑی محمد یوسف نے اسے ’قدرت کا نظام‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میکسویل اپنی زندگی کی اننگز کھیل رہے ہیں۔ یہ ایک کھلاڑی کے لیے زندگی بھر کا ایک لمحہ ہوتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ