ورلڈ کپ 2023: انڈیا کے جیتنے اور انگلینڈ کے ہارنے کا سلسلہ جاری

لکھنو میں اتوار کو ورلڈ کپ کے 29ویں میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتار چھٹی فتح حاصل کر لی ہے۔

انڈین کھلاڑی لکھنو میں انگلینڈ کی ایک اور وکٹ گرانے کے بعد خوش مناتے ہوئے جبکہ آؤٹ ہونے والے بلے باز لیونگسٹن حیران کھڑے ہیں (اے ایف پی)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں میزبان انڈیا کی جیت اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کی ہار کا سلسلہ جاری ہے۔

لکھنو میں اتوار کو ورلڈ کپ کے 29ویں میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی لگاتار چھٹی فتح حاصل کر لی ہے۔

ایک مشکل وکٹ پر انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے انڈیا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو انگلش بولرز نے اپنے کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کرتے ہوئے انڈین بلے بازوں کو آغاز سے ہی مشکل میں ڈالے رکھا۔

انڈیا کی جانب سے اس میچ میں شبمن گل نو، ویراٹ کوہلی صفر اور شریاس اییر صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مگر ایسے میں بھی کپتان روہت شرما کریز پر جمے رہے اور اپنے روایتی انداز سے ہٹ کر بلے بازی کرتے دکھائی دیے۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد کے ایل راہل نے کچھ لمحوں کے لیے کپتان کا ساتھ دیا اور ٹیم کی پوزیشن قدرے مستحکم بنا دی۔

کے ایل راہل 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو کریز پر سوریا کمار یادیو آئے اور انہوں نے بھی ایک الگ ہی انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور انڈیا کو 229 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

روہت شرما 87 اور سوریا کمار یادیو 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ولی نے تین، ووکس، عادل رشید نے دو، دو جبکہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سکور بورڈ پر 230 رنز کا ہدف دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ آج انگلینڈ ہار کے سلسلے کو توڑ کر جیت کی جانب گامزن ہو ہی جائے گا۔

تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو انڈین بولرز نے انتہائی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے انہیں نہ صرف رنز بنانے سے روکے رکھا بلکہ تیز سے وکٹیں بھی لیتے رہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صرف 55 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں اور وہاں سے اس کی جیت کی امیدیں بھی تقریباً دم توڑ چکی تھی۔

انڈیا کی جانب سے ہردک پانڈیا کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیے جانے والے فاسٹ بولر محمد شامی زبردست فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔

محمد شامی نے سات اووروں میں صرف 22 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ سٹار بولر جسپریت بمراہ نے تین جبکہ کلدیپ یادیو نے دو اور جدیجا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح انڈیا نے اس ورلڈ کپ میں اپنی لگاتار چھٹی فتح حاصل کی جبکہ یہ انگلینڈ کی اس ٹورنامنٹ میں لگاتار چوتھی اور مجموعی پانچویں شکست ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ جنوبی افریقہ دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان کا نمبر چھٹا ہے جبکہ انگلینڈ اس وقت دسویں پوزیشن پر ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ