سعودی عرب غیر ملکیوں کے لیے پانچ نئے رہائشی اجازت نامے متعارف کروانے جا رہا ہے جس سے اہل درخواست دہندگان مملکت میں رہتے ہوئے غیر ملکیوں کے لیے مختص فیس کی ادائیگی سے استثنیٰ، ویزا فری بین الاقوامی سفر اور جائیداد کی ملکیت کے حق جیسے فوائد حاصل کر سکیں گے۔
یہ اجازت نامے حاصل کرنے والے اپنے اہل خانہ کے ارکان کے لیے ’پریمیم ریذیڈنسی سٹیٹس‘ حاصل کرنے، کاروبار چلانے، فیس کے بغیر رقم کی منتقلی اور رشتہ داروں کو مملکت مدعو کرنے کے قابل بھی ہوں گے۔
ریزیڈنسی پیکجز کے لیے مخصوص اہلیت درکار ہو گی جس میں خصوصی ہنر مند، ہنر مند، سرمایہ کار، کاروباری اور رئیل اسٹیٹ کی کیٹیگریز شامل ہوں گی۔
ہر پروڈکٹ کے لیے ایک بار چار ہزار ریال فیس ادا کرنا ہو گی۔
زیادہ تر معاملات میں درخواست کے لیے عمومی تقاضے لاگو ہوں گے جن میں درست پاسپورٹ، تازہ ترین میڈیکل سرٹیفکیٹ، اور سعودی عرب میں (ملک کے اندر درخواست دینے والوں کے لیے) قانونی رہائشی دستاویز شامل ہیں۔
پانچ سالہ سپیشل ٹیلنٹ ریذیڈنسی آپشن حاصل کرنے کے لیے درخواست دہندگان کو طب اور سائنس میں مہارت رکھنے اور کم از کم ماہانہ 35 ہزار ریال کمانے والے پیشہ ور افراد یا 14 ہزار کی کم از کم ماہانہ تنخواہ لینے والے ریسرچر ہونا ضروری ہے۔
سپیشل ٹیلنٹ سٹیٹس حاصل کرنے والے ایگزیکٹوز کو 80 ہزار ریال سے زیادہ کی ماہانہ تنخواہ کے ساتھ ایگزیکٹو لیول کی ملازمت کے معاہدے کی ضرورت ہو گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہنرمند کیٹیگری کے لیے پانچ سال کی ایک مقررہ مدت تک رہائش کا اجازت نامہ دیا جائے گا اور اسے دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔ پہلی کیٹیگری میں درخواست دہندگان کا سعودی وزارت ثقافت اور کھیل سے منظور شدہ ایوارڈ کے لیے نامزد ہونا یا اسے حاصل کرنا ضروری ہو گا۔ متبادل طور پر انہیں دونوں وزارتوں کی طرف سے منظور شدہ کم از کم اہلیت کے معیار کو پورا کرنا ہوگا۔
ان سرمایہ کاروں کے لیے براہ راست مستقل رہائش کی پیشکش کی جائے گی جو ملک میں 70 لاکھ ریال کی سرمایہ کاری کریں گے اور پہلے دو سالوں کے دوران کم از کم 10 ملازمتیں پیدا کرتے ہیں۔ درخواست دینے والوں کو سرمایہ کاری کا لائسنس جاری کیا جائے گا۔
انٹرپرینیور ریذیڈنسی کلاس درخواست دہندگان کو خصوصی ٹیلنٹ سٹیٹس کے لیے عملے کے دو ارکان کو نامزد کرنے کی اجازت ہو گی۔
کیٹیگری ون انٹرپرینیور ریذیڈنسی کے لیے قابل تجدید پانچ سال کی ایک مقررہ مدت فراہم کرے گی لیکن اس کے لیے ایک اضافی شرط ہو گی یعنی موجودہ اہلیت کے معیارات کو پورا کرنے اور پانچ سالوں کے اندر کم از کم 30 ماہ سعودی عرب میں گزارنا۔
درخواست دہندگان کو ایک تسلیم شدہ تنظیم سے کم از کم چار لاکھ سرمایہ کاری حاصل کرنا ہوگی اور سٹارٹ اپ کا کم از کم 20 فیصد حصہ برقرار رکھنا ہوگا۔
دوسری کیٹیگری کے تحت براہ راست مستقل رہائش اس شرط پر فراہم کی جائے گی کہ کاروبار کرنے والے پہلے سال میں کم از کم 10 ملازمتیں اور دوسرے سال بھی 10 یا اس سے زیادہ ملازمتیں پیدا کرے۔ کوالیفائی کرنے کے لیے کم از کم ڈیڑھ کروڑ ریال کی سرمایہ کاری کو بزنس وینچر میں 10 فیصد شیئر کے ثبوت کے ساتھ دکھانا ہوگا۔
ریئل اسٹیٹ ریزیڈنسی جائیداد کی ملکیت یا حق استفادہ سے منسلک ہوگی۔ اس کے لیے کم از کم 40 لاکھ ریال مالیت کے ایک رئیل اسٹیٹ اثاثے کا مالک ہونا ضروری ہوگا جسے موجودہ اور مستقبل میں قرض سے پاک ہونا چاہیے۔
2019 میں سعودی عرب نے ایک لاکھ ریال سالانہ فیس کے ساتھ ایک سالہ محدود مدت کے اقامتی پروگرام کا آغاز کیا تھا جس کے لیے مالی استحکام ثابت کرنے کی ضرورت تھی۔ لامحدود مدت کی رہائش کے لیے یہ فیس آٹھ لاکھ ریال ہے اور اس کے لیے بھی درخواست دہندگان کو مالی طور پر مستحکم ہونے کا ثبوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔