حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے نئے امیر منتخب

جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کی بطور امیر جماعت اسلامی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی۔

حافظ نعیم الرحمان حال ہی میں میئر کراچی کے لیے بھی الیکشن لڑ چکے ہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان کی سیاسی و مذہبی تنظیم جماعت اسلامی پاکستان نے جمعرات کو آئندہ پانچ سال کے لیے حافظ نعیم الرحمان کو نئے امیر کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔

اس بات کا اعلان جمعرات کو جماعت اسلامی پاکستان کے صدر انتخابی کمیشن نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

تین ماہ کے عرصہ میں مختلف مراحل کے دوران جماعت اسلامی کی مجلس شوری کے تجویز کردہ تین امیدواروں کو ملک بھر سے جماعت کے اراکین نے اپنے ووٹ بیلٹ پر کاسٹ کر کے بھجوائے تھے اور گنتی کے بعد چار اپریل کو نئے امیر کا اعلان کیا گیا۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا۔‘

ان نتائج کے مطابق حافظ نعیم الرحمان آئندہ پانچ سال کے لیے امیر جماعت اسلامی منتخب ہوئے ہیں۔ 

ترجمان قیصر شریف کے مطابق حافظ نعیم الرحمان کی بطور امیر جماعت اسلامی مدت 2024 تا اپریل 2029 تک ہو گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے فوراً بعد ہی جماعت اسلامی کے سینیئر رہنما سراج الحق نے جماعت اسلامی کی امارات سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی امارت سے استعفی دے دیا ہے۔‘

جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری مدت امارات آٹھ اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ خود حافظ نعیم الرحمان بھی انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر سندھ اسمبلی کی جیتی ہوئی سیٹ چھوڑ چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان