امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی پیڈ پرو ماڈل کے متنازع اشتہار، جس میں موسیقی کے آلات اور تخلیقی فن پاروں کو کچلتا دکھایا گیا تھا، پر شدید تنقید کے بعد معافی مانگ لی ہے۔
ایڈ ایج میگزین کی رپورٹ کے مطابق آئی فون بنانے والی کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمارا مقصد ہمیشہ صارفین کے اپنے اظہار اور آئی پیڈ کے ذریعے اپنے خیالات کو زندہ کرنے کے بے شمار طریقوں کا جشن منانا ہے۔ (اشتہار کی) اس ویڈیو میں یہ عنصر غائب تھا اور ہم اس کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘
ایپل کے ترجمان نے روئٹرز کی تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’کرش‘ کے عنوان سے اس اشتہار کو ایپل کے یوٹیوب چینل پر 10 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا ہے اور اسے سی ای او ٹم کک نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا تھا۔
اشتہار میں مختلف قسم کے موسیقی اور دیگر تخلیقی آلات اور اشیا جیسے کیمرہ، گٹار، پیانو اور پینٹ کو انڈسٹریل کرشر کے ذریعے کچلا جا رہا ہے۔
پھر کرشر نئے آئی پیڈ کو ظاہر کرتا ہے جو اس بات کی علامت ہے کہ نیا پتلا سا ماڈل کتنی چیزیں سمائے ہوئے ہے۔
آن لائن تبصرہ کرنے والے صارفین نے اس اشتہار کو حساسیت سے عاری قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تنقید کی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں اداکار ہیو گرانٹ نے کہا کہ اشتہار نے ’سیلیکون ویلی نے انسانی تجربے کی تباہی کو پیش کیا ہے۔‘
The destruction of the human experience. Courtesy of Silicon Valley. https://t.co/273XB3CfnF
— Hugh Grant (@HackedOffHugh) May 8, 2024
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی جب کیلیفورنیا میں قائم ایپل کمپنی نے منگل کو مصنوعی ذہانت سے لیس نئی چپ والی ٹیبلیٹ متعارف کرائی۔
ایپل نے کہا کہ آئی پیڈ پرو میں ڈسپلے کو اپ گریڈ کیا ہے اور یہ ایپل کی اب تک کی سب سے پتلی پروڈکٹ ہے۔