انڈین ریاست گجرات کے تفریحی پارک کے گیمنگ زون میں آگ لگنے سے کم از کم 20 افراد جان سے گئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ہفتے کو ریاست کے شہر راج کوٹ کے پارک میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کمشنر راجو بھارگوا نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، واقعے میں 20 لوگوں کی جان گئی، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
تفریحی پارک، یوراج سنگھ سولنکی کی نجی ملکیت ہے۔ بھارگوا نے بتایا کہ پولیس ان کے خلاف لاپروائی کا مقدمہ درج کرے گی۔
انہوں نے کہا: ’ہم لاپروائی اور اموات کا مقدمہ درج کریں گے۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد مزید تحقیقات کی جائے گی۔‘ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ’ مجھے راجکوٹ میں آگ لگنے سے بہت پریشانی ہوئی، میری ہمدردیاں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ زخمیوں کے لیے دعاگو ہوں۔‘
انڈیا میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں۔ بلڈرز اور رہائشی عمارتوں کے مکین اکثر بلڈنگ قوانین اور سیفٹی کوڈز کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق راج کوٹ کے پارک میں لگنے کے نتیجے میں زیادہ تر بچوں کی جان گئی۔ جس وقت آگ لگی پارک میں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
راجکوٹ کے ڈسٹرکٹ کلکٹر پربھاو جوشی نے اے ایف پی کو بتایا کہ آگ لگنے سے جھلسنے والے نو افراد کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔ انہوں نے اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔