لاہور میں سرکاری پابندی کے باوجود جگہ جگہ مویشی منڈیاں

سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر  کے مطابق لاہور شہر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام پر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہر کو صاف رکھنا اور ٹریفک کو منظم چلانا ہے۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے عیدالضحیٰ کے لیے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کی غرض سے شہر کے آٹھ مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کر دی ہیں، جن کے علاوہ لگنے والی منڈیاں غیر قانونی تصور ہوں گی۔

سٹی ٹریفک پولیس آفیسر عمارہ اطہر  کے مطابق لاہور شہر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام پر دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہر کو صاف رکھنا اور ٹریفک کو منظم چلانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت مرکزی شاہراہوں پر جانور کھڑے کرکے بیچنے کی اجازت نہیں ہو گی، جب کہ دوران غلط کار پارکنگ اور ون ویز کی خلاف ورزی پر بھی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس اور مقامی انتظامیہ کی ان ہدایات کے باوجود لاہور شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاً پوش علاقوں میں شام ڈھلتے ہی سڑک کنارے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت شروع ہو جاتی ہے۔

غیر قانونی منڈیوں کے خلاف کارروائیاں

شہر لاہور میں سڑک کنارے لگی چھوٹی چھوٹی مویشی منڈیوں کے خلاف بلدیہ عظمیٰ لاہور متحرک ہو چکی ہے۔

ڈی سی و ایڈمنسٹریٹر لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف آپریشنز بھی جاری ہیں، جن میں بلدیہ عظمیٰ لاہور نے گذشتہ تین روز میں 72 مقامات سے غیر قانونی منڈیاں ختم کیں، جب کہ مزاحمت پر 16 افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کے مطابق غیر قانونی مویشی منڈیاں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بری طرح متاثر کرتی ہیں اور اسی لیے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت مختص کردہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کہیں بھی ممنوع تصور ہو گی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

غیر قانونی مویشی منڈیاں

دن کے دوران سڑکوں پر جانور کی خرید و فروخت دیکھنے میں نہیں آتی، جس کی وجہ لاہور کی گرمی ہو سکتی ہے، جب کہ بیوپاریوں کے پاس جانوروں کو دھوپ و گرمی سے بچانے کا کوئی انتظام موجود نہیں ہوتا اور وہ سورج ڈھلنے کے بعد ہی جانوروں کو باہر لاتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو نے جب ان بیوپاریوں سے بات کی تو معلوم ہوا کہ کوئی کڑھائی سلائی کا کام کرتا ہے، تو کوئی مستری ہے بس کچھ پیسے بنانے کے لیے وہ چھوٹے بڑے جانور پالتے ہیں اور عید سے قبل انہیں بازار میں فروخت کے لیے لے آتے ہیں۔

ان سڑک کنارے کھڑے بیوپاریوں کے پاس عموماً چھوٹے جانور (بھیڑیں اور بکرے) زیادہ دکھائی دیتے ہیں لیکن کچھ بڑے جانوروں کی فروخت بھی سڑک کنارے کر رہے ہوتے ہیں۔

ان کے پاس مہنگے سے مہنگا جانور بھی موجود ہے، جس کی قیمت لاکھوں میں ہے۔

ان میں سے ایک بیوپاری نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا: ’یہ ہمارے گھر کا کام ہے اسی لیے گھر کے سامنے کر رہے ہیں، تھوڑے سے جانور ہیں یہیں بک جائیں گے انہیں منڈی لے جا کر کیا کریں گے۔‘

ایک اور بیوپاری کا کہنا تھا کہ ان کے بہت سے جانور منڈی جا چکے ہیں لیکن کچھ وہ یہاں سڑک کنارے بیچ رہے ہیں۔ اگر یہاں نہ بکے تو وہ ان کو بھی منڈی لے جائیں گے۔‘

ایک دوسرے بیوپاری کا کہنا تھا کہ ابھی تو وہ جانور بیچنے لائے ہیں اگر یہاں کچھ نہ بکا تو منڈی چلے جائیں گے۔

سڑک کنارے کھڑے جانور خریدنے والے خریداروں کا کہنا تھا کہ منڈی جا کر خریدار میں وقت کا ضیا زیادہ ہوتا ہے۔

تاہم سڑکوں پر چلتے پھرتے قربانی کے جانور خرید نہ پانے کی صورت میں ایسے خریدار بہتر قیمت کے لیے منڈی کا رخ بھی کرتے ہیں۔ 

ٹریفک پلان

ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں جو منڈیاں قائم کی ہیں ان کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

لاہور شہر میں آٹھ مقامات پر لگائی جانے والی منڈیاں اور ان تک پہنچنے کا راستہ کچھ یوں پلان کیا گیا ہے۔

شاہ پور کانجراں مویشی منڈی جہاں ای ایم ای سوسائٹی، جوبلی ٹاؤن، ملتان روڈ و دیگر سوسائٹیز کے رہائشی براستہ ملتان روڈ باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔

ایل ڈی اے سٹی کاچھا روڈ کاہنہ مویشی منڈی، میں کاہنہ، سینٹر پارک و رنگ روڈ سے ملحقہ رہائشی براستہ لاہور رنگ روڈ، فیروز پور روڈ، کاچھا روڈ باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیو کنگ سوسائٹی نزد گنجے سندھواں مویشی منڈی میں باغبانپورہ، واہگہ، شالیمار، ہربنس پورہ و دیگر علاقوں کے رہائشی جی ٹی روڈ، کینال روڈ، رنگ روڈ کے راستے پہنچ سکتے ہیں۔

برکی روڈ نزد پیرا گون مویشی منڈی، ڈفینس، عسکری 10، اور کینٹ کے رہائشیوں کی آسانی کے لیے قائم کی گئی ہے۔

رائیوینڈ نزد نثار سپیننگ مل لیک سٹی مویشی منڈی جہاں رائیونڈ روڈ سے ملحقہ سوسائٹیز اور علاقوں کے رہائشی جائیں گے۔

سگیاں مویشی منڈی، شاہدرہ، اندرون لاہور، بادامی باغ، شاد باغ، مسری شاہ، ساندہ و دیگر علاقوں کے رہائشی براستہ بند روڈ، رنگ روڈ، آؤٹ فال روڈ باآسانی منڈی پہنچ سکتے ہیں۔

اسی طرح این ایف سی سوسائٹی نزد بحریہ ٹاؤن مویشی منڈی تک بحریہ ٹاؤن کے رہائشی باآسانی پہنچ سکتے ہیں۔

سپورٹس کمپلیکس نزد رکھ چھبیل مویشی منڈی جانے کے لیے جی ٹی روڈ، جلو موڑ، بسم اللہ ہاؤسنگ سوسائٹی و دیگر علاقوں کے رہائشی مویشیوں کی خرید و فروخت کے لیے آ جا سکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان