برطانیہ: ویلز کی شہزادی 2024 میں آج پہلی بار منظر عام پر آئیں گی

ویلز کی شہزادی کیتھرین کینسر کی تشخیص کے بعد پہلی بار آج عوامی طور پر منظر عام پر آئیں گی  جب وہ وسطی لندن میں ٹروپنگ دی کلر ملٹری پریڈ میں شرکت کریں گی۔

ویلز کی شہزادی کیتھرین کینسر کی تشخیص کے بعد پہلی بار آج (ہفتے کو) عوامی طور پر منظر عام پر آئیں گی جب وہ وسطی لندن میں ٹروپنگ دی کلر ملٹری پریڈ میں شرکت کریں گی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کیٹ، جس نام سے وہ مشہور ہیں، گذشتہ سال دسمبر میں کرسمس ڈے سروس کے بعد سے کسی عوامی سرگرمی میں نظر نہیں آئیں، اور مارچ میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ کیموتھراپی کروا رہی ہیں۔

42 سالہ شہزادی کا شمار دنیا کی ان خواتین میں ہوتا ہے جن کی سب سے زیادہ تصاویر بنائی گئیں ہیں۔

ان کی طویل غیرموجودگی نے ان کی صحت اور مصروفیات کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ہوا دی ہے، بالخصوص آن لائن پلیٹ فارمز پر۔

جمعے کی شام ایک طویل سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کے علاج میں ’اچھی پیش رفت‘ ہو رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ علاج مزید کئی مہینوں تک جاری رہے گا۔

برطانوی شہزادی کا کہنا تھا کہ ’میں اس ہفتے کے آخر میں اپنے خاندان کے ساتھ کنگز برتھ ڈے پریڈ میں شرکت کرنے والی ہوں اور موسم گرما میں کچھ عوامی سرگرمیوں میں شامل ہونے کی بھی امید ہے، لیکن اس کے ساتھ یہ بھی جانتی ہوں کہ میں ابھی مکمل صحت یاب نہیں ہوئی۔‘

کیٹ کی جانب سے یہ جذباتی اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب چند ہفتے قبل ہی یہ انکشاف ہوا تھا کہ ان کے سسر چارلس سوم میں بھی کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

تاہم کسی نے بھی یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس قسم کا کینسر ہے۔

برطانیہ کے 75 سالہ سربراہ چارلس کو اپریل میں عوامی ذمہ داریاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت مل گئی تھی، جب ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ وہ ان کی علاج میں پیش رفت سے ’بہت پر امید‘ ہیں۔

ان کی پہلی مصروفیت لندن کے کینسر کے علاج سینٹر میں عملے اور مریضوں سے ملاقات تھی۔

رواں ماہ کے اوائل میں انہوں نے شمالی فرانس میں ڈی ڈے کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات میں شرکت کی تھی۔

لیکن گذشتہ سالوں کے برعکس، جب انہوں نے ٹروپنگ دی کلر میں گھوڑے پر سوار ہو کر فوجیوں کا معائنہ کیا تھا، چارلس اس سال ایک بگھی سے ایسا کریں گے۔

لیکن ان کے بڑے بیٹے اور 41 سالہ پرنس ولیم گھوڑے پر سوار ہوں گے۔

شاہی حکام کیٹ کی بتدریج عوام کی نظروں میں واپسی کے بارے میں توقعات کو پورا کرنے کے خواہاں ہوں گے اور ان کا کہنا ہے کہ ان کا عوام میں آنا ان کے علاج اور صحت یابی پر منحصر ہو گا۔

کیٹ نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ انہوں نے ’اچھے اور برے دن‘ دیکھے ہیں اور ’ہر دن کو مستقبل کی پروا کیے بغیر گزارتی ہیں۔‘

توقع ہے کہ وہ 10 سالہ شہزادہ جارج، نو سالہ شہزادی شارلیٹ اور چھ  سالہ شہزادہ لوئس کے ساتھ بکنگھم پیلس سے ہارس گارڈز پریڈ تک شاہی بگھی میں سفر کریں گی۔

وہ ایک عمارت سے پریڈ دیکھیں گے، پھر بالکونی میں کھڑے ہو کر معائنہ کرنے کے لیے محل واپس آئیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برطانوی حکمران کی سرکاری سالگرہ کے موقع پر ٹروپنگ دی کلر ایک  فوجی روایت ہے جو دو صدیوں سے بھی زیادہ پرانی ہے۔

یہ تقریب بکنگھم پیلس سے شروع ہوتی ہے اور مال سے ہارس گارڈز پریڈ کی طرف جاتے ہیں، جہاں چارلس فوجیوں کا معائنہ کرنے سے پہلے شاہی سلامی وصول کریں گے۔

چارلس درحقیقت نومبر میں پیدا ہوئے تھے لیکن دوسری سالگرہ کی روایت 1748 میں کنگ جارج دوم سے شروع ہوتی ہے، جو بہتر موسم میں جشن منانا چاہتے تھے کیونکہ ان کی اپنی سالگرہ اکتوبر میں تھی۔

اس تقریب کی ابتدا جنگ کی تیاریوں سے ہوئی، جہاں تمام ریجمنٹل جھنڈے یا رنگ فوجیوں کو دکھائے جاتے تھے تاکہ وہ جنگ کے دوران انہیں آسانی سے پہچان سکیں۔

اس سال کی تقریب میں پانچ میں سے تین وہ فوجی گھوڑے شامل ہوں گے جو رواں برس اپریل میں عمارت کی تعمیر کے شور سے خوفزدہ ہو کر وسطی لندن کی سڑکوں سے دوڑتے ہوئے گزرے تھے۔

اس پریڈ کے موقعے پر لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ’اہم‘ سکیورٹی آپریشن کرے گی اور وہ بادشاہت مخالف گروپ رپبلک کے ساتھ رابطے میں ہے، جو اس تقریب کے موقع پر احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

فورس کا کہنا ہے کہ اس نے عوامی تحفظ کی بنیاد پر پریڈ روٹ اور اس کے آس پاس ’بلند آواز‘ پر پابندی عائد کر دی ہے تاکہ گھڑ سوار فوجیوں کو حصہ لینے میں خلل سے بچایا جا سکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ