انڈین فوج کے نئے نامزد سربراہ اوپندر دویدی کون ہیں؟

انڈین وزارت دفاع کے مطابق: ’حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو 30 جون کی سہ پہر سے اگلے چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر تعینات کیا ہے۔‘

انڈین فوج کے نئے نامزد سربراہ اوپندر دویدی کا کیریئر 40 برس پر محیط ہے (وکی کامنز، اے ڈی جی پی آئی)

انڈین حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو فوج کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے۔ وہ موجودہ سربراہ جنرل منوج پانڈے کی جگہ انڈین فوج کی کمان سنبھالیں گے جو 30 جون کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی چین اور پاکستان کے ساتھ انڈیا کی سرحدوں پر وسیع آپریشنل تجربہ رکھتے ہیں۔ اس وقت وہ وائس چیف آف آرمی سٹاف ہیں۔

انڈین وزارت دفاع کے مطابق: ’حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو 30 جون کی سہ پہر سے اگلے چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر تعینات کیا ہے۔‘

قبل ازیں انڈین حکومت نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے 26 مئی کو موجود آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کی تھی، حالاں کہ انہوں نے صرف چھ دن بعد ریٹائر ہونا تھا۔ اس خلافِ روایت فیصلے سے افواہیں پھیل گئی تھیں کہ فوج کی صفوں میں بے چینی پھیلنا لازمی ہے۔

یہ فیصلہ روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر تھا، جس کے تحت اس قسم کے فیصلے آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے بہت پہلے کر لیے جاتے ہیں۔

اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈین حکومت نے نئے آرمی چیف کے تقرر میں سنیارٹی کا اصول اپنایا ہے۔

نئے مقرر کیے گئے آرمی چیف اوپندر دویدی کو پرم وششٹھ سیوا میڈل، آٹی وششٹھ سیوا میڈل اور تین جی او سی ان چیف تعریفی کارڈز سے نوازا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ناردن آرمی کمانڈر کی حیثیت سے لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے شمالی اور مغربی سرحدوں پر پائیدار ٹھوس کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کے لیے سٹریٹیجک رہنمائی اور آپریشنل نگرانی کی۔

انڈین حکام نے خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ انہوں انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندی کے خلاف فعال کارروائیوں کی بھی منصوبہ بندی کی۔ اس دوران انہوں نے چین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں فعال کردار ادا کیا۔ اس بات چیت کا مقصد سرحدی تنازع طے کرنا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی انڈین فوجی کمان کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے عمل میں بھی شامل رہے۔ انہوں نے خود انحصاری کے ایسے منصوبے کی قیادت کی، جس کا مقصد انڈین فوج کو ملک میں تیار کیے گئے ہتھیاروں سے لیس کرنا ہے۔

انڈین فوج کے نئے سربراہ کا کیریئر 40 برس پر محیط ہے۔ وہ مختلف کمانڈ، سٹاف، تدریس اور بیرون ملک خدمات انجام دے چکے ہیں۔ دویدی کی کمانڈ ذمہ داریوں میں کمانڈ آف رجمنٹ، 18 جموں و کشمیر رائفلز، بریگیڈ 26 سیکٹر آسام رائفلز، انسپکٹر جنرل، آسام رائفلز (ایسٹ) اور نائن کور شامل ہیں۔

یکم جولائی 1964 کو پیدا ہونے والے اوپندر دویدی نے ریوا کے سینک سکول سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 15 دسمبر 1984 کو انڈین فوج کی رجمنٹ 18 جموں و کشمیر رائفلز میں کمیشن حاصل کیا اور آگے چل یونٹ کی کمان سنبھالی۔

وہ نیشنل ڈیفنس کالج اور یو ایس آرمی وار کالج کے سابق طالب علم ہیں۔ انہوں نے ڈیفنس سروسز سٹاف کالج، ولنگٹن اور آرمی وار کالج، ماؤ سے بھی کورس کر رکھے ہیں۔ انہوں نے ڈیفنس اینڈ مینیجمنٹ سٹڈیز میں ایم فل اورسٹریٹجک سٹڈیز اور ملٹری سائنس میں ماسٹرز ڈگریاں حاصل کیں۔

جنرل اوپندر دویدی فوجی خدمات کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ خاص طور پر ناردرن کمان جنرل آفیسر کمانڈنگ کی حیثیت سے دو سال تک تعیناتی کی بدولت وہ چین اور پاکستان کی طرف سے لاحق خطرات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا